ایران (اصل میڈیا ڈیسک) ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای نے دعویٰ کیا ہے کہ امریکا کی 1979ء سے مسلسل اقتصادی پابندیوں کے باوجود ایرانی فضائیہ بہت مضبوط ہے۔
ایران کی سرکاری خبررساں ایجنسی ایرنا کے مطابق رہبرِ اعلیٰ نے ہفتے کے روز فضائیہ کے کمانڈروں اور عملہ کے ایک اجتماع سے خطاب میں کہا ہے کہ ’’انقلاب کے بعد سے ان (امریکیوں) کا مقصد یہ رہا ہے کہ ہمارے پاس ایک مضبوط فضائیہ نہ ہو لیکن اب وہ ہماری طرف دیکھیں۔ ہم نے طیارے تک بنا لیے ہیں۔ہم نے ان کے دباؤ کو موقع میں تبدیل کردیا ہے۔‘‘
علی خامنہ ای نے کہا:’’ہمیں اتنا مضبوط ہونا چاہیے کہ ہم اپنے دشمنوں کی سازشوں کو ناکامی سے دوچار کرسکیں۔ ایرانی قوم کے خلاف ان کی سازشیں ناکامی سے ہی دوچار ہوں گی۔‘‘
ایران اس وقت 1979ء میں برپا شدہ انقلاب کی اکتالیسویں سالگرہ منا رہا ہے۔اس عوامی انقلاب کے نتیجے میں امریکا کے حمایت یافتہ رضا شاہ پہلوی کے اقتدار کا خاتمہ ہوگیا تھا۔ایران یہ کہتا چلا آرہا ہے کہ وہ مغربی ممالک کے بڑھتے ہوئے دباؤ کے باوجود اپنی فوج کو مضبوط بنائے گا۔مغربی طاقتیں ایران کے بیلسٹک پروگرام سمیت فوجی صلاحیتوں کومحدود کرنے کے لیے کوشاں ہیں۔