امریکا کی سعودی عرب کی سکیورٹی کے تحفظ کے لیے مدد کی پیشکش

Donald Trump - Mohammed bin Salman

Donald Trump – Mohammed bin Salman

واشنگٹن (اصل میڈیا ڈیسک) امریکا کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے سعودی عرب میں تیل کی دو تنصیبات پر ڈرون حملوں کے بعد ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان سے ٹیلی فون پر بات چیت کی ہے۔

سعودی پریس ایجنسی (ایس پی اے) کی جانب سے جاری کردہ ایک بیان کے مطابق صدر ٹرمپ نے فون پر گفتگو میں کہا کہ امریکا سعودی عرب کی سلامتی اور استحکام میں مددینے کو تیار ہے۔

انھوں نے سعودی آرامکو کی تیل کی دو تنصیبات پر دہشت گردی کے حملوں کے امریکی اور عالمی معیشت پر مرتب ہونے والے منفی اثرات کو اجاگر کیا۔

ایس پی اے کے مطابق سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے امریکی صدر کی پیش کش کے جواب میں کہا کہ ’’ مملکت اس طرح کی دہشت گردانہ جارحیت سے نمٹنے کی صلاحیت اور عزم رکھتی ہے۔‘‘

یمن کے حوثی شیعہ باغیوں نے سعودی آرامکو کی تیل کی دو تنصیبات کو ڈرون حملوں میں نشانہ بنایا ہے۔ سعودی عرب کی وزارت داخلہ کے مطابق ہفتے کو علی الصباح چار بجے ان ڈرون حملوں کے نتیجے میں ان دو تنصیبات میں آگ لگ گئی تھی اور اس آگ پر قابو پایا جاچکا ہے۔

ان میں ایک تنصیب مملکت کے مشرقی صوبے میں الدمام شہر کے نزدیک واقع علاقے بقیق میں ہے اور دوسری تنصیب ہجرۃ خريص آئل فیلڈ میں واقع ہے۔