الریاض (جیوڈیسک) سعودی عرب کے فرماں روا شاہ سلمان بن عبدالعزیز سے الریاض میں سوموار کے روز امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو نے ملاقات کی ہے اور ان سے دوطرفہ تعلقات اور باہمی دلچسپی کے علاقائی اور عالمی امور پر بات چیت کی ہے۔
الریاض میں امریکی مشن کی جانب سے جاری کردہ ایک بیان کے مطابق سیکریٹری خارجہ پومپیو اور شاہ سلمان کے درمیان بڑے خوش گوار ماحول میں ملاقات ہوئی ہے اور انھوں نے یمن کی صورت حال ، ایران اور افغانستان سمیت مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا ہے۔
امریکی وزیر خارجہ نے سعودی عرب کی جانب سے یمن میں اقوام متحدہ کے تحت سیاسی عمل اور افغانستان میں امن عمل کی حمایت کو سراہا ہے۔