واشنگٹن (جیوڈیسک) امریکی ریاست ورجینیا میں شدید بارشوں اور طوفان نے تباہی مچادی ہے جس کے نتیجے میں کم از کم 23 افراد ہلاک اور درجنوں زخمی ہو چکے ہیں۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق شدید بارشوں کے بعد آنے والے سیلاب اور طوفان نے مغربی ورجینیا میں تباہی مچا دی ہے، مختلف حادثات میں اب تک 23 افراد ہلاک اور درجنوں زخمی ہو چکے ہیں جب کہ سیلاب کے باعث سیکڑوں افراد اپنے گھروں میں محصور ہو کر رہ گئے ہیں۔ سیلاب کے باعث 100 سے زیادہ گھر تباہ جب کہ طوفان سے بجلی کا نظام درہم برہم ہونے سے ہزاروں افراد بجلی سے محروم ہو گئے۔
حکام کا کہنا ہے کہ امدادی کاموں کا آغاز کردیا گیا ہے اور خراب حالات کے باعث ریاست کی 55 میں سے 44 کاؤنٹیز میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے، انتظامیہ لوگوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کررہی ہے جب کہ حکام نے شہریوں کو خبردار کیا ہے کہ بہتے پانی میں گاڑی نہ چلائیں اور بچوں کو بھی پانی میں کھیلنے سے منع کریں۔