ہمارے اوپر بجلی چوری کا جھوٹا اور بے بنیاد مقدمہ قائم کر کے ہماری خاندانی شرافت اور مذہبی اہمیت کو داغدار کرنے کی کوشش کی گئی ہے
Posted on October 22, 2013 By Tahir Webmaster سٹی نیوز
چکوال : جمعیت علمائے اسلام(س) کے سربراہ اور معروف مذہبی شخصیت پیر عبدالرحیم نقشبندی نے کہا ہے کہ ہمارے اوپر بجلی چوری کا جھوٹا اور بے بنیاد مقدمہ قائم کر کے ہماری خاندانی شرافت اور مذہبی اہمیت کو داغدار کرنے کی کوشش کی گئی ہے۔ مگر ہمیں اپنے رب پر پورا بھروسہ ہے ہمیں صرف پڑوسی کو بجلی دینے کی سزا دی جا رہی ہے۔ بیت المرشد میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے صاحبزادہ عبدالرحیم نقشبندی نے کہا کہ اسلام نے پڑوسیوں کے حقوق پر بہت زور دیا ہے اور ہم نے پولٹری فارم سے بجلی حاصل نہیں کی بلکہ دی ہے اور عقل کے اندھوں کو بھی معلوم ہے کہ پولٹری فارم کے سنگل فیز میٹر سے کسی مل کی تھری فیز بجلی فراہم کرنا ممکن نہیں۔
نہ ہی عام میٹر سے مل کی مشینیں چلائی جا سکتی ہیں۔ عبدالرحیم نقشبندی کا کہنا تھاکہ ہمیں ناجائز طور پر بجلی چوری کے مقدمہ میں ملوث کیا گیا اور ہم بدنام کرنے والوں کے خلاف اعلیٰ عدالتوں کا دروازہ ضرور کھٹکھٹائیں گے۔ دریں اثناء معروف سماجی و مذہبی خانوادے نقشبندی گھرانے کے چشم و چراغ صاحبزادہ محمود الحسن نے پریس کانفرنس میں بتایا کہ ایک زمانہ پیر عبدالرحیم نقشبندی اور ان کے گھرانے کی شرافت اور دیانتداری کا قائل ہے۔
ہم نے ہمیشہ حق اور سچ کی بات کی ہے اصولوں پر نہ پہلے کبھی سمجھوتہ کیا نہ آئندہ کرینگے۔انہوں نے کہا کہ اس سے پہلے بھی ہمارے خلاف اوچھے ہتھکنڈے استعمال کیے گئے مگر ہم سرخرو ہوئے۔ دونوں رہنمائوں نے میڈیا کے چند افراد کی غیر ذمہ داری پر بھی افسوس کا اظہار کیا اور کہا کہ میڈیا سے تعلق رکھنے والے چند دوستوں نے ذمہ داری
کا مظاہرہ نہیں کیا۔