ہمارے کل کیلئے اپنا آج قربان کرنیوالے جوان قوم کے ہیرو ہیں، وزیر اعظم

Nawaz Sharif

Nawaz Sharif

راولپنڈی (جیوڈیسک) وزیر اعظم میاں محمد نواز شریف نے کہا کہ قوم کا مستقبل محفوظ بنانے والے جوان ہمارے محسن ہیں، پاکستانی قوم فوج کی قربانیوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔ زمانہ امن اور جنگ میں فوج نے بھرپور صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا، مادر وطن کے دفاع کے لیے فوجی جوانوں نے جان کا نذرانہ پیش کیا۔

وزیر اعظم نے ان خیالات کا اظہار جی ایچ کیو کے دورے کے موقع پر کیا، انھوں نے کہا کہ مسلح افواج کے دلوں میں شہادت کا چراغ جلتا رہتا ہے، ہمارے کل کے لیے اپنا آج قربان کرنے والے قوم کے ہیرو ہیں۔ پاکستانی قوم جمہوریت پر یقین رکھتی ہے، وزیر اعظم اور آرمی چیف کے درمیان ون آن ون ملاقات بھی ہوئی جس میں مختلف امور کا جائزہ لیا گیا۔

جی ایچ کیو دورے کے موقع پر آرمی چیف جنرل اشفاق پرویز کیانی نے وزیر اعظم کا استقبال کیا۔ وزیر اعظم کو میاں محمد نواز شریف کو گارڈ آف آنر پیش کیا گیا، گارڈ آف آنر کا معائنہ کرنے کے بعد میاں محمد نواز شریف نے شہدا کی یادگار پر پھول چڑھائے اور فاتحہ خوانی کی۔