واشنگٹن (جیوڈیسک) کیا امریکہ کے نائب صدر جوزف بائیڈن نے ترکی مخالف بیان پر صدر رجب طیب اردگان سے معذرت کی تھی؟ وائٹ ہاؤس کا کہنا ہے کہ جی ہاں! انھوں نے ایسے ہی کیا ہے لیکن خود جوبائیڈن صاحب فرماتے ہیں کہ انھوں نے تو کوئی معذرت نہیں کی ہے۔
جوبائیڈن نے ہارورڈ یونیورسٹی میں گذشتہ ماہ ایک تقریر کے دوران امریکہ کے تین اتحادی ممالک پر الزام عائد کیا تھا کہ انھوں نے دولتِ اسلامیہ عراق وشام(داعش) کو پروان چڑھانے میں مدد کی تھی۔
اس پر ان ممالک نے سخت ردعمل کا اظہار کیا تھا اور ترک صدر رجب طیب اردگان نے ان سے معافی کا مطالبہ کیا تھا جس پر جوبائیڈن نے ان ممالک کے ارباب اقتدار سے فون پر بات کی تھی اور ان سے اپنے بیان پر معذرت کی تھی۔