امریکا 39 ملکوں کے سفارتخانوں کی جاسوسی کرتا رہا

U.S. Spying

U.S. Spying

لندن (جیوڈیسک) برطانوی ذرائع نے انکشاف کیا ہے امریکا 39 ملکوں کے سفارت خانوں کی جاسوسی کرتا رہا ہے۔ فرانس، جرمنی اور یورپی یونین کا کہنا ہے کہ الزام سچ نکلا تو امریکا کو جواب دینا ہو گا۔ برطانوی ذرائع کے مطابق امریکی ایجنسی نے 39 سفارت خانوں اور مشنز کی جاسوسی کی۔ اقوام متحدہ میں فرانس اور جرمنی کے مشنز کی نگرانی کی گئی۔

واشنگٹن میں اٹلی کے سفارت خانے کی بھی جاسوسی ہوتی رہی۔ رپورٹ کے مطابق جن ملکوں کی جاسوسی ہوئی ان میں جاپان، جنوبی کوریا، ترکی اور بھارت بھی شامل ہیں۔ امریکی ایجنسی نے واشنگٹن میں یورپی یونین کے دفتر کے کمپیوٹر نیٹ ورکس کی جاسوسی کی۔ اقوام متحدہ کی عمارت میں یورپی یونین کے دفاتر سے بھی معلومات حاصل کی جاتی رہیں۔

فرانس، جرمنی اور یورپی یونین نے یہ رپورٹ سامنے آنے پر سخت ردعمل کا اظہار کیا ہے۔ فرانس کے وزیر خارجہ نے کہا ہے کہ خفیہ نگرانی کا یہ عمل ان کے لیے قطعی ناقابل قبول ہو گا۔ جرمنی کی وزیر انصاف نے کہا ہے یہ سرد جنگ کی یاد دلانے والا رویہ ہے۔ یورپی پارلیمنٹ کا کہنا ہے کہ اگرالزام سچ ہوا تو امریکا کو بہت سی چیزوں کا جواب دینا ہو گا۔ امریکی حکومت نے کہا ہے وہ سفارتی ذرائع سے ان الزامات کا جواب دے گی۔