میڈرڈ (جیوڈیسک) امریکہ نے سربیا کو یکطرفہ مقابلے کے بعد شکست دے کر باسکٹ بال ورلڈ کپ ٹائٹل کا کامیابی سے دفاع کیا۔ اسپین کے شہر میڈرڈ میں کھیلے گئے فائنل میں باسکٹ بال پاور ہاوٴس امریکہ نے ٹورنامنٹ کے سرپرائز پیکج سربیا کو بانوے کے مقابلے میں ایک سو انتیس پوائنٹس سے شکست دی۔
لی بورن جیمز اور کیون ڈورانٹ کی عدم موجودگی کے باوجود امریکی ٹیم نے ایونٹ میں شاندار کارکردگی دکھائی۔
سربیا کو پہلے کوارٹر کے آغاز میں پندرہ سات سے برتری حاصل تھی لیکن امریکی کپتان جیمزہارڈن کی عمدہ پرفارمنس کی بدولت امریکی ٹیم سبقت لینے میں کامیاب ہو گئی۔
فاتح ٹیم کی جانب سے پلے میکرکیری ارونگ چھبیس پوائنٹس کیساتھ ٹاپ اسکورر رہے، جیمزہارڈن نے تئیس جبکہ چھ کھلاڑی ڈبل فیگراسکور کرنے میں کامیاب رہے امریکہ نے پانچویں بار ورلڈ کپ جیت کر یوگوسلاویا کا ریکارڈ برابر کیا۔