بوسٹن(جیوڈیسک)امریکی ریاست میساچوسٹس کے دارالحکومت بوسٹن میں وقفے وقفے سے دو دھماکے ہوئے جن کے نتیجے میں تین افراد ہلاک اور 140 سے زائد زخمی ہو گئے۔امریکی ٹی وی کے مطابق پہلا دھماکا بوسٹن میراتھن کی اختتامی لائن کے قریب ہوٹل میں ہوا جس کے چند سیکنڈ کے بعد دوسرا دھماکا ہو گیا۔
انٹیلی جنس حکام کے مطابق اختتامی لائن کے قریب سے مزید دھماکا خیز مواد بھی ملا جسے ناکارہ بنا دیا گیا۔ دھماکے کے بعد زخمیوں کو بوسٹن کے جنرل اسپتال میں منتقل کر دیا گیا۔ ادھر بوسٹن کے متاثرہ علاقے میں پروازوں پر عارضی پابندی عائد کر دی گئی جبکہ ریموٹ کنٹرول دھماکوں سے بچنے کے لئے موبائل فون سروس بھی بند کر دی گئی۔
دوسری جانب امریکی نیول حکام نے اپنے بم ڈسپوزل یونٹ کو بوسٹن بھیج دیا ہے۔ دھماکوں کے بعد دارالحکومت واشنگٹن اور نیویارک سمیت متعدد شہروں میں سیکیورٹی انتہائی سخت کر دی گئی ہے۔