امریکہ: چین کی مصنوعات پر کسٹم ڈیوٹی کا دوسرا مرحلہ 23 اگست کو نافذ العمل ہو جائے گا

America - China

America – China

واشنگٹن (جیوڈیسک) امریکہ انتظامیہ نے کہا ہے کہ چین کی 50 بلین مالیت کی مصنوعات پر کسٹم ڈیوٹی کے اطلاق کا 16 بلین ڈالر مالیت کا دوسرا مرحلہ 23 اگست کو نافذ العمل ہو جائے گا۔

“ٹیکنالوجی کی چوری اور غیر منصفانہ تجارتی پالیسیوں” کی وجہ سے صدر ٹرمپ کی طرف سے چینی ساختہ ٹیکنالوجی مصنوعات پر عائد کی جانے والی کسٹم ڈیوٹی کے دوسرے مرحلے کی تفصیلات واضح ہو گئی ہیں۔

امریکہ کے تجارتی نمائندہ دفتر USTRنے 16 بلین ڈالر مالیت کی چینی ساختہ مصنوعات کی فہرست شائع کر دی ہے کہ جن پر 23 اگست سے 25 فیصد کسٹم ڈیوٹی کا اطلاق کیا جائے گا۔

اس فہرست میں موٹر آئل، ایتھیلین گیس، وائنل کلورائیڈ، ایکریلک پولیمر اور دیگر نیم موصل مادوں سمیت 279 مادے شامل ہیں۔

چین کے دفاعی، ایوی ایشن اور پیداواری سیکٹر کو ہدف بنانے والی اس کسٹم ڈیوٹی کا پہلا حصہ 7 جولائی کو نافذ العمل ہو گیا تھا اور اس پہلے حصے میں جوہری ری ایکٹر، گیس ٹربائنوں، ہوا اور گیس کو محلول میں تبدیل کرنے والی مشینوں، بھٹیوں اور تجارتی واشنگ مشینوں جیسی 34 بلین ڈالر مالیت کی 818 مصنوعات شامل تھیں۔