امریکا (اصل میڈیا ڈیسک) دنیا میں کورونا وائرس کی گرفت میں آنے والے افراد کی تعداد کا ایک نیا یومیہ ریکارڈ سامنے آیا ہے۔ صرف ایک دن میں ایک لاکھ سے زائد امریکی شہریوں کو وائرس نے بیمار کر دیا ہے۔
امریکا میں جمعرات انتیس اکتوبر کو کورونا وائرس کی نئی قسم سے پھیلنے والی بیماری ‘سارس کووڈ انیس‘ کی گرفت میں آنے والے افراد کی تعداد اکیانوے ہزار تھی۔ صرف ایک ہی دن بعد جمعہ تیس اکتوبر کو امریکی طبی حکام نے 100,233 افراد کے وائرس کی لپیٹ میں آنے کی تصدیق کی۔ اس طرح صرف ایک دن میں اتنے زیادہ افراد کے اس وائرس سے بیمار ہونے کا نیا عالمی ریکارڈ قائم ہو گیا۔
قبل ازیں ایک دن میں سب سے زیادہ مریضوں کی تشخیص بھارت میں کی گئی تھی اور یہ تعداد 97,894 تھی۔ ہزاروں بھارتی شہریوں میں کورونا وائرس کی موجودگی کی تصدیق رواں برس ستمبر میں کی گئی تھی۔
امریکا میں گزشتہ پانچ ایام سے بیمار ہونے والے افراد کی تعداد 77 ہزار سے زائد رہ رہی ہے۔ قبل ازیں امریکا میں ایک دن میں سب سے زیادہ افراد کے کورونا وائرس کی لپیٹ میں آنے کی تعداد 77,299 تھی، جو اسی سال جولائی میں ریکارڈ ہوئی تھی۔
امریکا میں ہزاروں افراد میں روزانہ کی بنیاد پر کورونا وائرس کی تشخیص ظاہر کرتی ہے کہ اس ملک میں ہر سیکنڈ بعد ایک سے زائد شہریوں کو کورونا وائرس اپنی گرفت میں لے رہا ہے۔ امریکا میں کورونا کی لپیٹ میں آنے والے افراد کی تعداد میں حیران کن اضافہ ایسے وقت میں ہوا ہے جب صدارتی الیکشن میں صرف تین دن باقی رہ گئے ہیں۔
اس طرح وبا نے انتخابی مہم کو شدید متاثر کر دیا ہے۔ جن ریاستوں میں وائرس کے مریضوں کی تعداد بڑھی ہے ان میں اوہائیو، میشیگن، نارتھ کیرولینا، پینسلوینیا اور وسکانسن بھی شامل ہیں۔
ان پانچوں ریاستوں کو صدارتی انتخابات کے لیے کلیدی خیال کیا جا رہا ہے۔ تین نومبر بروز منگل کو موجودہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو ڈیموکریٹ امیدوار جو بائیڈن کا سامنا ہے۔ دونوں صدارتی امیدواروں نے جمعے ہی کو بڑی انتخابی ریلیوں کا انتظام بھی کر رکھا تھا۔
امریکا میں ہفتہ اکتیس اکتوبر تک کورونا وائرس کے مریضوں کی مجموعی تعداد 93 لاکھ سے زائد ہے۔ وبا سے دو لاکھ پینتیس ہزار سے زائد امریکی شہری دم توڑ چکے ہیں۔ ملک میں 60 لاکھ سے زائد افراد صحت یاب بھی ہو چکے ہیں۔ وبا سے متاثرہ افراد کا امریکی آبادی میں تناسب تین فیصد ہے۔
امریکا اور یورپ کی مجموعی آبادیوں میں کورونا وائرس سے بیمار ہونے والوں کے تناسب میں مریضوں اور دم توڑنے والے افراد کی تعداد امریکا میں زیادہ ہے۔ ہر دس ہزار امریکی شہریوں میں سے 272 افراد کورونا وائرس کی لپیٹ میں ہیں اور ان میں کم از کم سات افراد بیماری سے جانبر نہیں ہو رہے۔
دوسری جانب براعظم یورپ میں ہر دس ہزار افراد میں 127 افراد وائرس سے بیمار ہوئے ہیں اور ان میں سے چار یورپی افراد موت کا شکار ہو رہے ہیں۔