واشنگٹن (جیوڈیسک) امریکا نے 4500 میگاواٹ کے دیامر بھاشا ڈیم پروجیکٹ کیلیے تعاون کا اعلان کیا ہے جس پر 14 ارب ڈالر لاگت آئے گی۔ وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے دورہ امریکا کے موقع پراعلیٰ امریکی حکام اور ممتاز کاروباری شخصیات کے ساتھ ملاقاتیں کیں جس کے بعد دیامر بھاشا ڈیم پروجیکٹ میں امریکا کے ممکنہ تعاون کا اعلان کیا۔
واشنگٹن میں پاکستان کی توانائی کی ضروریات سے متعلق کانفرنس میں یو ایس ایڈ کے ایڈمنسٹریٹر ڈاکٹر راجیو شا،وزیر خزانہ اسحاق ڈار، وزیر پانی و بجلی خواجہ آصف، پاکستان کے سفیر جلیل عباس جیلانی، پاکستان میں امریکی سفیر رچرڈ اولسن اور ماہرین نے شرکت کی۔
امریکا اور پاکستان کی جامع اسٹرٹجیک پارٹنر شپ ہے اور امریکا بالخصوص توانائی کے شعبے میں پاکستان کے ساتھ دیرینہ اقتصادی اور سرمایہ کاری کے تعاون کا خواہاں ہے۔ دیامر بھاشا ڈیم میں سرمایہ کاری پاکستان کا بہترین انتخاب ہے۔ اسحاق ڈار نے کہا کہ دیامر بھاشا ڈیم کی تعمیر حکومت کی اولین قومی ترجیحات میں شامل ہے۔ توانائی کی پیداوار کیلیے ملک کو داسو اور بھاشا ڈیموں کی ضرورت ہے۔