اسلام آباد (جیوڈیسک) جمعیت علما اسلام ف کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ امریکا اعتماد کی بحالی اور مذاکراتی عمل سے پہلے خیرسگالی کے طور پر گوانتانا مو بے سے طالبان قیدیوں کو رہا کرے۔ اسلام آباد سے جاری اپنے ایک بیان میں مولانا فضل الرحماننے کہا ہے کہ تمام فریقین دوحہ میں قائم طالبان کا دفتر بند ہو نے سے بچائیں۔
دوحہ بات چیت کا مجوزہ عمل بہت نازک ہے، اس لیے تمام فریقین کو احتیاط اور خیر سگالی کے جذبے سے آگے بڑھنا ہو گا۔ فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ افغان طالبا ن افغانستان کے حقیقی اسٹیک ہولڈرز کے طور پر اپنا احترام چاہتے ہیں اور انہوں نے وعدے پورے نہ ہونے پر اظہار ناراضی کرتے ہوئے دوحہ میں اپنا دفتر عارضی طور پر بند کیا ہے۔ فضل الرحمان نے کہا کہ قطر مذاکرات کاکسی نتیجے پر پہنچنا افغان امن اور طالبان کے اچھے سیاسی مستقبل کے لیے ضروری ہے۔