کنیکٹکٹ (جیوڈیسک) دنیا میں پہلی مرتبہ ہیلی کاپٹر نے خود کار انداز میں پرواز کی اور بحفاظت زمین پر اترآیا جب کہ اس میں بیٹھے پائلٹ نے صرف ایک ٹیبلٹ کے ذریعے اسے کنٹرول کیا۔ یہ تجربہ امریکی شہر کنیکٹکٹ میں کیا گیا جہاں سیکورسکی ایس 76 ہیلی کاپٹر کو صرف ایک ٹیبلٹ کے ذریعے اڑایا گیا اور اس نے 30 میل کا طویل سفر طے کیا اور بحفاظت زمین پر اترگیا۔
اس ہیلی کاپٹر کی پرواز، نگرانی اور اڑان کو صرف ایک ٹیبلٹ کے ذریعے کنٹرول کیا گیا ہے جسے ہیلی کاپٹر میں بیٹھا ایک آپریٹرچلارہا تھا ۔ ہیلی کاپٹر نے کنیکٹی کٹ کے مقام اسٹریٹ فورٹ سے پرواز کی اور اسی شہر کے علاقے پلین ویلی میں لینڈ کیا۔ مجموعی طور پر اس نے 30 میل یعنی 48 کلومیٹر کا فاصلہ طے کیا۔
گوگل اور دیگر ادارے خودکار گاڑیوں پر تحقیق کرر ہے ہیں لیکن فضا میں پائلٹ کے بغیر ہیلی کاپٹر اڑانے کا یہ پہلا کامیاب تجربہ ہے۔ اس کے ذریعے ایک کمرشل ہیلی کاپٹر خود فضا میں بلند ہوا اور 30 میل کا فاصلہ طے کیا اور بحفاظت لینڈنگ کی۔
ہیلی کاپٹر بنانے والی امریکی کمپنی کا کہنا ہے کہ اس طرح سے نہ صرف ہیلی کاپٹر عملے کو کم کرنے میں مدد ملے گی بلکہ اس سے ہیلی کاپٹر پرواز کی ٹریننگ میں بھی تبدیلیاں آئیں گی جب کہ اس نظام کا اہم مقصد پائلٹ پر غیر ضروری بوجھ کو کم کرنا اور ہیلی کاپٹر کی حفاظت میں اضافہ کرنا ہے۔