ریاض (جیوڈیسک) جنرل اسمبلی اجلاس میں عالمی برادری کے متفقہ فیصلے کے بعد سعودی عرب کا کہنا ہے کہ امریکا کو ایسا فیصلہ کرنے کا کوئی حق حاصل نہیں ہے جبکہ ترک صدر رجب طیب اردوان نے امریکا کو فیصلہ بغیر کسی تاخیر کے واپس لینے کا مطالبہ کر دیا ہے۔
اقوام متحدہ میں سعودی سفیر عبداللہ معلمی نے امریکی فیصلے کے خلاف جنرل اسمبلی میں قرارداد منظور ہونے کے بعد کہا ہے کہ امریکا کو مقبوضہ بیت المقدس سے متعلق فیصلہ کرنے کا کوئی حق حاصل نہیں ہے۔ عالمی برادری نے امریکا کو پیغام دے دیا کہ وہ یکطرفہ فیصلے نہیں کر سکتا۔
دوسری جانب ترک صدر رجب طیب اردوان نے امریکا سے مطالبہ کیا ہے وہ بنا تاخیر اپنا فیصلہ واپس لے۔ ادھر ایرانی وزیر خارجہ جواد ظریف کا کہنا ہے کہ عالمی برادری نے امریکی صدر کی دھمکی کو مسترد کر دیا۔
برطانیہ نے بھی ٹرمپ کا متنازع فیصلہ مسترد کرنے کے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں قرارداد کے حق ہی میں ووٹ دیا۔ اردن کی جانب سے بھی قرارداد منظور ہونے کا خیر مقدم کیا گیا۔ جنرل اسمبلی اجلاس میں امریکا کے فیصلے کے خلاف قرارداد منظور ہونے پر اردن میں جشن بھی منایا گیا۔