نیویارک (جیوڈیسک) امریکا کے شہر نیویارک کے جان ایف کینیڈی ایئرپورٹ پر ایبولا کی وبا کو مزید پھیلنے سے روکنے کے لیے مسافروں کی اسکریننگ کا عمل شروع کر دیا گیا ہے۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکا میں ایبولا مرض سے بدھ کے روز ایک شخص کی ہلاکت کے بعد جان ایف کینیڈی ایئرپورٹ پر اسکریننگ کے اقدامات ہفتے کے روز سے شروع کر دیئے گئے ہیں۔
جبکہ ایئر پورٹ پر تعینات عملہ ایبولا کی علامات معلوم کرنے کے لیے مسافروں کے درجہ حرارت لیں گے۔ افریقی ممالک لائبیریا، سیرالیون اور گنی جیسے ایبولا سے متاثرہ ممالک سے امریکہ پہنچنے والے مسافروں کے درجہ حرارت خاص طور پر لیے جائیں گے اور ان سے سوالات بھی پوچھے جائیں گے۔
امریکہ میں آنے والے مسافروں میں سے 90 فیصد مسافر جان ایف کینیڈی اور 4 دیگر ہوائی اڈوں کے ذریعے آتے ہیں اور ایبولا کے متاثرہ ممالک میں سے کم از کم 160 افراد روز امریکہ کا سفر کرتے ہیں اس لئے ان تین افریقی ممالک سے آنے والے مسافروں سے ان کے امریکہ آنے سے پہلے کے سفر کی تاریخ کے بارے میں پوچھا جائے گا۔
فی الحال امریکہ میں ان تین ممالک سے کوئی براہ راست پروازیں نہیں آ رہیں تاہم زیادہ تر افریقہ سے امریکہ آنے والی پروازیں براستہ یورپ ہی آتی ہیں۔ واضح رہے کہ ایبولا مرض سے افریقا میں ہلاکتوں کی تعداد 4 ہزار سے تجاوز کر چکی ہے۔