پاکستان میں مزید سرمایہ کاری کرنا چاہتے ہیں، امریکی قونصل جنرل

Brian Heath

Brian Heath

کراچی (جیوڈیسک) امریکی قونصل جنرل برائن ہیتھ نے کہا ہے کہ غیرملکی سرمایہ کاری کیلیے استحکام ضروری ہے، اسلام آباد کے دھرنے کے شرکا دانشمندی کا مظاہرہ کریں۔

کراچی اسٹاک ایکس چینج کے دورے کے موقع پر روایتی گھنٹی بجا کر ٹریڈنگ کے آغاز کے بعد صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ پاکستان میں جاری سیاسی بحران اور دھرنے اس ملک کا اندرونی معاملہ ہے، امریکا پاکستان کی سیاست میں مداخلت نہیں کرنا چاہتا، پاکستان میں سرمایہ کاری کے مواقع دستیاب ہیں لیکن امن وامان کا مسلہ درپیش ہے، اگر سرمایہ کاروں کو پرامن ماحول مہیا کیا جائے تو وہ سرمایہ کاری کے مواقع ضائع نہیں کریں گے۔

امریکا پاکستان میں توانائی، تعلیم، صحت اور انفرااسٹراکچر سمیت دیگر شعبوں میں سر مایہ کاری کررہا ہے اور مزید سرمایہ کاری چاہتا ہے۔ برائن ہیتھ نے کہا کہ پاکستانی سرمایہ کار امریکا میں پیسہ لگائیں، تو انھیں خوش آمدید کہیں گے، پاکستان اورامریکا معاشی تعلقات مستحکم کرنے کیلیے کوشاں ہیں، پاکستان میں ٹیکنالوجی اور صحت کے شعبے میں سرمایہ کاری کی ضرورت ہے۔