بیجنگ (جیوڈیسک) چین نے کہا ہے کہ جنوبی بحیرہ چین کے معاملے پر امریکہ عالمی منصف بننے کی کوشش نہ کرے۔ چینی وزارت خارجہ کے ترجمان ہانگ لی نے معمول کی پریس بریفنگ میں کہا ہے کہ چین اور فلپائن کے مابین جنوبی بحیرہ چین کا تنازعہ علاقائی اور میری ٹائم حدبندی کا معاملہ ہے۔
دونوں ممالک نے بہت عرصہ قبل اتفاق کیا تھا کہ جنوبی بحیرہ چین سے متعلق تمام معاملات مذاکرات اور گفت وشنید سے حل کئے جائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ چین کی جانب سے مذکورہ معاملہ پر کسی بھی تیسرے فریق کی جانب سے ثالثی کو قبول نہ کرنا قانونی طور پر جائز عمل ہے اور امریکہ کو ان حقوق کی پاسداری کرنی چاہئے جو کہ اقوام متحدہ کے رکن ممالک کو سمندروں کے کنونشن کے قوانین کے تحت حاصل ہیں۔