واشنگٹن (جیوڈیسک) امریکا کی جنوبی ریاستوں میں ایک بار پھر برفانی طوفان نے نظام زندگی کو جما دیا ہے۔ ریاست ٹیکساس سے جارجیا اور جنوبی کیرولینا شدید برفباری کی لپیٹ میں ہیں۔ 7 جنوبی ریاستوں میں ہنگامی حالت نافذ ہے۔
ریاست جارجیا میں ایک اور الاباما میں 5 افراد ہلاک ہو گئے۔ کئی ریاستوں میں صبح اسکول پہنچنے والے بچوں نے رات بھی اسکول میں ہی گزاری۔ ریاست جارجیا کے شہر اٹلانٹا میں ہزاروں افراد 18 گھنٹے سے زائد سڑکوں پر پھنسے رہے جبکہ 800 کے قریب ٹریفک حادثات پیش آئے۔
ورجینیا بیچ شہرکے ساحلی علاقوں میں 10 انچ برف پڑ چکی ہے۔ شمالی اور جنوبی کیرولائنا میں شدید برف باری ہوئی ہے۔ سڑکوں اور پلوں پر سے برف ہٹانے کا کام جاری ہے۔ متاثرہ علاقوں میں دفاتر و تعلیمی ادارے بند اور ہزاروں پروازیں منسوخ کر دی گئی ہیں۔
حکام نے لوگوں کو گھروں میں رہنے کی ہدایت جاری کی ہیں۔ محکمہ موسمیات کے مطابق سخت سردی کا سلسلہ آج بھی جاری رہے گا۔