واشنگٹن (جیوڈیسک) امریکا نے سرکاری طور پر شامی باغیوں کے ایک گروپ جند الاقصیٰ کو عالمی دہشت گرد تنظیم قرار دے دیا ہے۔
امریکی محکمہ خارجہ نے منگل کے روز جاری کردہ ایک بیان میں کہا ہے کہ ”جند الاقصیٰ گروپ کی عمر محض چار سال ہے۔یہ پہلے شام میں القاعدہ سے وابستہ تنظیم النصرۃ محاذ ( جبھۃ النصرہ) کا ایک یونٹ تھا۔اس کے بعد اس نے اپنی راہیں جُدا کرلیں اور آزادانہ طور پر جنگی کارروائیاں شروع کردی تھیں”۔
”آج جند الاقصیٰ کے جنگجو صوبہ ادلب اور حماہ میں کارروائیاں کررہے ہیں لیکن یہ گروپ النصرۃ محاذ کا علانیہ اتحادی ہے”۔امریکی محکمہ خارجہ نے النصرۃ محاذ کو دو سال قبل دہشت گرد تنظیم قرار دے دیا تھا۔
محکمہ خارجہ کا کہنا ہے کہ جند الاقصیٰ نے ادلب میں مارچ 2015ء میں دو خودکش بم دھماکے کیے تھے اور وسطی صوبے حماہ میں واقع قصبے معان میں 2014ء میں چالیس شہریوں کا قتل عام کیا تھا۔
امریکی محکمہ خارجہ کی جانب سے جندالاقصیٰ کو عالمی دہشت گرد تنظیم قرار دیے جانے کے بعد محکمہ خزانہ نے اس پر اقتصادی پابندیاں عاید کردی ہیں جن کے تحت امریکی ادارے اور افراد اس شامی گروپ کے ساتھ کسی قسم کا کوئی مالی لین دین نہیں کرسکیں گے۔