اسلام آباد (جیوڈیسک) تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے کہا ہے کہ امریکا نے حکیم اللہ محسود ایسے وقت میں مارا ہے جب طالبان مذاکرات چاہتے تھے، حکیم اللہ محسود کو مار کر مذاکرات کا موقع جان بوجھ کر ضائع کر دیا۔
عمران خان نے کہا کہ امریکا جب چاہتا، حکیم اللہ محسود کو مار سکتا تھا لیکن صرف مذاکرات کو خراب کرنے کے لیے اس وقت کا انتخاب کیا گیا۔ تحریک انصاف کے سربراہ کا کہنا تھا کہ طالبان نے پاکستانی فوج کیخلاف جہا د کا اعلان کیا ہے اور جب تک لوگوں میں یہ جذبہ موجود رہے گا، لوگ جہاد کے نام پر شہید ہوتے رہیں گے۔
عمران خان نے امریکا کے خلاف بڑھتی ہوئی نفرت کا ذمہ دار ڈرون حملوں کو قرار دیا۔ عمران خان اس سے قبل ڈرون حملے بند نہ ہونے کی صورت میں 20 نومبر کو نیٹو سپلائی روکنے کی ڈیڈ لائن دے چکے ہیں۔