انقرہ (جیوڈیسک) امریکا کی جانب سے ترکی کے لیے ویزا سروس معطل کیے جانے کے بعد ترکی نے بھی جوابی اقدام اٹھاتے ہوئے امریکی شہریوں کے لیے ویزا سروس معطل کر دی ہے۔
گزشتہ ہفتے ترک پولیس نے فتح اللہ گولن کی تنظیم سے روابط پر ایک امریکی سفارتی اہلکار کو گرفتار کیا تھا جس کے بعد دونوں ملکوں میں سفارتی سطح پر تعلقات کشیدہ ہو گئے ہیں۔
سفارتی اہلکار کی گرفتاری کے بعد امریکا نے ترکی شہریوں کے لیے ’نان امیگرینٹ‘ ویزا سروس بند کر دی۔
انقرہ میں امریکی سفارت خانہ کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق حالیہ واقعات نے امریکی حکومت کو مجبور کر دیا ہے کہ وہ ترکی میں امریکی مشن اور اہلکاروں کو ترک حکومت کےسیکیورٹی فراہم کرنے کے عزم کا دوبارہ جائزہ لے۔
امریکی فیصلے کے چند گھنٹوں بعد ترکی نے بھی جوابی ردعمل میں امریکی شہریوں کے لیے ویزا سروس معطل کردی۔ امریکا میں ترک سفارتخانے نے آن لائن ویزا، الیکٹرانک ویزا اور سرحدوں پر دیئے جانے والی ویزا سروس معطل کردی۔
ترک پولیس نے گزشتہ دنوں میتن توپوز نامی ترک شہری کو انقرہ سے گرفتار کیا تھا جو امریکی سفارتخانے کا ملازم ہے۔ گرفتار شخص پر فتح اللہ گولن تنظیم سے روابط اور جاسوسی کا الزام ہے۔