لاہور (جیوڈیسک) نئے سلیکٹرز نے ٹیم میں ’نیاپن‘ لانے کیلیے سرجوڑ لیے، ناکارہ اور نافرمان کرکٹرز کو گھڑ بٹھانے کا فیصلہ کرلیا گیا، دورئہ بنگلہ دیش کیلیے ناصر جمشید کیساتھ عمر اکمل کے نام پر’لکیر‘ کھنچنے کا امکان ہے، مصباح الحق اور شاہد آفریدی کی صورت میں 2سینئرز کی رخصتی تجربہ کار یونس خان کیلیے ایک روزہ ٹیم میں لائف لائن ثابت ہوسکتی ہے۔
احمد شہزاد کے نام پر مشاورت طول پکڑ گئی، فواد عالم کی واپسی ہوگی، دن بھر کی کڑی مشقت کے بعد سلیکشن کمیٹی نے شام کو چیئرمین بورڈ شہریار خان کو کارگزاری کی رپورٹ دی، جمعرات کو بھی مشاورت کا عمل جاری رکھا جائیگا۔ دوسری جانب دورہ سری لنکا کیلیے اے ٹیم کی کمان عمر امین کو سونپنے کا فیصلہ کرلیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق رواں ماہ شیڈول دورہ بنگلہ دیش کیلیے ٹیم منتخب کرنے کے سلسلے میں گذشتہ روز نئی سلیکشن کمیٹی کا پہلا باقاعدہ اجلاس لاہور میں ہوا۔
ہارون رشید کی زیرسربراہی میٹنگ میں دیگر سلیکٹرز اظہر خان، کبیر خان اور سلیم جعفر نے بھی شرکت کی۔ ذرائع کے مطابق پہلے مرحلے میں ورلڈ کپ میں قومی ٹیم کا حصہ بننے والے کھلاڑیوں، ڈومیسٹک سطح پر عمدہ پرفارم کرنے والوں اور پاکستان اے ٹیم میں شامل پلیئرزکی فہرست کا جائزہ لیا گیا، اس کے بعد ایک اور لسٹ تیار کی گئی کہ کون سے کھلاڑی تینوں طرز کی کرکٹ کا حصہ بنیں گے، یا 1،2 فارمیٹس کیلیے اسکواڈ کا حصہ ہونگے۔
ذرائع کے مطابق اجلاس میں ورلڈ کپ کی ٹیم مینجمنٹ کی رپورٹ کا بھی جائزہ لیا گیا جس کے بعد فیصلہ ہوا کہ ناقص کارکردگی دکھانے اور ٹیم کا ماحول خراب کرنے والے پلیئرز کو دورہ بنگلہ دیش سے دور رکھا جائے۔ ذرائع کے مطابق ناصر جمشید اور عمر اکمل کو ڈھاکاکا ٹکٹ نہ دینے پر اتفاق ہو گیا،احمد شہزاد کو ٹیم سے ان یا آؤٹ کرنے کے معاملے پر بعد میں غور ہو گا۔
شاہد آفریدی اور مصباح الحق کی ایک روزہ انٹر نیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کے بعد یونس کو ون ڈے ٹیم کا حصہ بنانے کے معاملے پر سلیکٹرز حتمی نتیجہ پر نہیں پہنچ سکے، تجربہ کار مڈل آرڈر کے بارے میں کوئی فیصلہ کرنے سے پہلے کپتان اور کوچ سے بھی مشاورت کی جائے گی۔ذرائع کے مطابق بابر اعظم، سمیع اسلم اور فواد عالم سمیت ڈومیسٹک سطح پر عمدہ پرفارم کرنے والے نوجوان کھلاڑیوں کو صلاحیتوں کے اظہار کا بھر پور موقع فراہم کیا جائے گا۔
سلیکشن کمیٹی جمعرات کو ایک بار پھر بنگال ٹائیگرز کیخلاف تینوں طرز کی ٹیموں کے انتخاب کے حوالے سے مزید مشاورت کرے گی۔ کپتانوں مصباح الحق، اظہر علی اور شاہد آفریدی کے ساتھ ہیڈ کوچ کو بھی مدعو کر کے ان سے سلیکشن پر رائے طلب کی جائے گی،وقار یونس آئندہ چند روز میں آسٹریلیا سے پاکستان آ رہے ہیں۔ ادھر سلیکشن کمیٹی نے گذشتہ روز چیئرمین پی سی بی سے بھی ملاقات کی، قذافی اسٹیڈیم میں سلیکٹرز نے شہریار خان کو دن بھر ہونے والی پیش رفت سے آگاہ کیا۔
دوسری جانب دورہ سری لنکا کیلیے اے ٹیم کی کمان عمر امین کو سونپنے کا فیصلہ کرلیا گیا ہے،سلیکٹرز نے رواں ماہ شیڈول سیریز کیلیے ابتدائی مرحلے میں اظہر علی کو قائد بنانے کا فیصلہ کیا تھا تاہم انھیں ون ڈے قیادت سونپے جانے کے بعد لیفٹ ہینڈ بیٹسمین کی قسمت چمک اٹھی، فواد عالم بھی اے ٹیم کی قیادت کیلیے فیورٹ تھے تاہم دورئہ بنگلہ دیش کیلیے ان کا نام ممکنہ کھلاڑیوں میں شامل کیا جا سکتا ہے، اس وجہ سے اس آپشن پر غور نہیں ہوا۔
سیریز کی تیاریوں کے لیے ایک ہفتے کا کیمپ لگانے کی بھی تجویز زیر غور ہے۔ یاد رہے کہ ورلڈ کپ میں قومی ٹیم کی ناقص کارکردگی کے بعد پی سی بی نے ہارون رشید کی زیر سربراہی نئی سلیکشن کمیٹی تشکیل دی، البتہ چیئرمین بورڈ شہریار خان نے جونیئر کمیٹی کو بدستور کام جاری رکھنے کی ہدایت دی تھی، اس کے سربراہ باسط علی جبکہ دیگر ارکان میں علی نقوی، علی ضیا اور فرخ زمان شامل ہیں۔
اپریل کے تیسرے ہفتے میں شیڈول سیریز میں پاکستان اے ٹیم سری لنکا کیخلاف 3 چار روزہ اور اتنے ہی ون ڈے میچز کھیلے گی، جونیئر سلیکشن کمیٹی نے آخری بارکینیا کیخلاف لاہور میں شیڈول5 ون ڈے میچزکیلیے اے ٹیم کا انتخاب کیا تھا۔