گجرات، ایتھنز (محمد بابر) پیر مفتی عثمان افضل قادری کا یونان آمد پر والہانہ استقبال، مریدین اور عقیدتمندوں کی بڑی تعداد نے خوش آمدید کہا۔
پیترالونا، کروپی، نیا ایونیا، منیدی اور ایتھنز میں روحانی محافل اور اجتماعات سے ولولہ انگیز خطابات کئے، جن میں لوگوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ اس موقع پر یونان میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کے شدید اختلافات ختم کروانے اور اتفاق واتحاد کی فضا قائم کروانے پر مفتی پیر عثمان افضل قادری کو زبردست خراج تحسین پیش کیا گیا اور دینی وسیاسی جماعتوں کی جانب سے گرینڈ ظہرانہ دیا گیا۔
جبکہ مقامی میڈیا اور چینلز کی جانب سے انٹرویو بھی کئے گئے۔ پیر مفتی عثمان افضل قادری نے روحانی محافل اور اجتماعات سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نماز پنجگانہ صرف فرض ہی نہیں بلکہ خیر وبرکت کا ذریعہ ہے۔
تلاوت قرآن مجید، ذکر واذکار، اور کثرت درود وسلام سے قلب کو سکون، روح کوغذا ملتی ہے اور پریشانیاں دور ہوتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آج اس نبی رحمت ۖ کی پیروی کی اشد ضرورت ہے جنہوں نے غاروں سے لیکر عرش معلی تک امت کیلئے دعائیں کی ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ امت مسلمہ کے دینی جذبات مجروح کرنے والے فساد فی الارض کے مرتکب ہیں۔
دینی امور واسلامی ممالک کے اندرونی معاملات میں غیرملکی مداخلت بند کی جائے۔ اسلامی ممالک کی صورتحال مستحکم کرنے کیلئے مسلم سربراہان فوری کردار ادا کریں۔