لاہور (اصل میڈیا ڈیسک) وزیراعلیٰ پنجاب سے لاہور کے پارٹی عہدیداروں اورپارلیمانی قیادت کی ملاقات کی اندرونی کہانی سامنے آگئی۔
ذرائع کے مطابق وزیراعلیٰ کے سامنے پارٹی عہدیداروں اور کارکنان نے ترقیاتی فنڈز، صفائی کی صورتحال سمیت دیگر مسائل پر جذباتی تقاریرکیں جب کہ 14 سے زائد کارکنان کی تقاریر کو وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے تحمل سے سنا۔
ذرائع کا بتانا ہے کہ کارکنان نے شکوہ کیا کہ لاہور کے بعض علاقوں میں صفائی کی صورتحال ناقص ہے، شاہدرہ کے علاقے میں سوریج سسٹم بھی ناقص ہے۔
ایک کارکن نے وزیراعلیٰ سے شکوہ کیا کہ آپ تین سال بعد کارکنوں سے مل رہے ہیں جس پروزیراعلیٰ نے جواب دیا کہ اپنے اسٹاف سے کہوں گا کارکنوں سے ملاقات کے لیے سسٹم بنایا جائے۔
دوسری جانب لاہور کی خواتین ارکان اسمبلی نے بھی ترقیاتی فنڈز کا مطالبہ کیا۔
ذرائع کے مطابق ٹکٹ ہولڈرز نے بھی کم فنڈز ملنے کی شکایت کی جس پرعثمان بزدار نے کہا کہ ارکان اسمبلی اورٹکٹ ہولڈرز کو فنڈز دیے جا رہے ہیں۔
وزیراعلیٰ نے لاہور کے ارکان اسمبلی کے ترقیاتی فنڈز دگنا کرنے کی یقین دہانی بھی کرائی۔