کراچی (جیوڈیسک) اسٹیٹ بینک نے صارفین سے یوٹیلٹی بلز وصول نہ کرنے والے بینکوں کو وارننگ جاری کر دی، نیٹ ورک اور سسٹم کی خرابی کو جواز بنا کر عوام کو تنگ کرنے والے بینکوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔
اسٹیٹ بینک نے تمام کمرشل بینکوں کو ہدایت کی ہے کہ سسٹم یا نیٹ ورک خراب ہونے کی صورت میں بھی عوام سے یوٹیلٹی بلز وصول کیے جائیں اور اس کے لیے مینوئل طریقہ کار استعمال کیا جائے، اسٹیٹ بینک نے کمرشل بینکوں کی جانب سے صارفین سے یوٹیلٹی بلز کی عدم وصولی کے لیے حیلے بہانوں کا سختی سے نوٹس لیتے ہوئے انھیں سپریم کورٹ کے از خود نوٹس ( 2006 کیس نمبر 4) کا حوالہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ بینکوں کی بعض برانچوں نے بینکاری اوقات میں عوام سے یوٹیلٹی بلز نہ وصول کرنے کو معمول بنا رکھا ہے۔
اس مقصد کے لیے نیٹ ورک اور سسٹم کی خرابی کا عذر پیش کیا جاتا ہے، اسٹیٹ بینک نے بینکوں پر زور دیا ہے کہ فوری طور پر یہ طرز عمل ترک کرتے ہوئے عوام سے بینکاری اوقات میں بلا رکاوٹ یوٹیلٹی بلز کی وصولی کو یقینی بنایا جائے، نیٹ ورک یا سسٹم میں حقیقی خرابی کی صورت میں بھی برانچ کی سطح پر مینوئل انتظامات کر کے بل وصول کیے جائیں جنھیں بعد میں سسٹم پر پراسیس کیا جائے۔