وفاقی وزیر برائے صنعت اور پیداوار غلام مرتضی جتوئی نے کہا ہیکہ یوٹیلیٹی اسٹورز کارپوریشن کے ذریعے 2 ارب روپے کا رمضان ریلیف پیکیج ہر ضرورت مند تک پہنچایا جائے گا، وہ یوٹیلیٹی اسٹورز کارپوریشن کے دورہ کے موقع پر اجلاس کی صدارت کر رہے تھے، اس موقع پر سیکرٹری وزارت صنعت شاہد رشید، وزارت صنعت کے اعلی افسران اور یوٹیلیٹی اسٹورز کی سینئر انتظامیہ بھی موجود تھی، وفاقی وزیر کو بتایا گیا کہ رمضان میں 1500 اشیا پر % 5 سے 10% تک رعایت دی جائے گی۔
ان اشیا میںآ ٹا، گھی، چینی، کھجوریں، بیسن، دال چنا، چاول، سفید چنا، چائے، دودھ، مشروبات اور مصالحہ جات شامل ہیں، یوٹیلیٹی اسٹورز کارپوریشن اس سلسلے میں سپلائرز سے مزید رعایت اور اپنے منافع میں کمی کر کے عوام کو سہولت فراہم کرے گا، وفاقی وزیر نے ہدایت جاری کی کہ ملک کے طول و عرض میں پھیلے ہوئے تمام یوٹیلیٹی اسٹورز پر اشیا کی وافر مقدار میں فراہمی کیلئے بہترین انتظامات کئے جائیں، وئیر ہاسز میں اشیا کا مناسب اسٹاک مہیا کیا جائے۔
اشیا کی کوالٹی کے بارے میں واضح ہدایات جاری کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ یوٹیلیٹی اسٹورز میں اول درجہ کی اشیا کی فراہمی یقینی بنائی جائے، ملاوٹ، ذخیرہ اندوزی اور اشیا کی کمی کی شکایات پر سخت ایکشن لیا جائے گا، غلام مرتضی جتوئی نے کہا کہ یوٹیلیٹی اسٹورز کو ہر یونین کونسل کی سطح تک پھیلایا جائے، فرنچائز سسٹم کو فروغ دیا جائے تاکہ دور دراز علاقوں میں یوٹیلیٹی اسٹورز کھولے جا سکیں۔