ماہ رمضان کے دوران یوٹیلیٹی اسٹورز کارپوریشن کی سیلز میں ریکارڈ اضافہ ہو اہے، رمضان پیکیج کے تحت صرف پندرہ دن میں یوٹیلیٹی اسٹورز کی سیل8 ارب روپے تک پہنچ گئی،جبکہ یوٹیلیٹی سٹورز پر گزشتہ سال رمضان کے پہلے 15 دنوں میں 6.63 ارب روپے کی سیل ہوئی تھی، حکام کے مطابق اس طرح رمضان پیکیج کے پہلے پندرہ دنوں میں یوٹیلیٹی اسٹورزپرگزشتہ سال کے مقابلے میں 1.37 ارب روپے کی زائد سیل ہوئی جو20 فیصد زیادہ ہے۔
اس حوالے سے وفاقی وزیرصنعت و پیداوارغلام مرتضی جتوئی کا کہنا ہے کہ یوٹیلیٹی اسٹورزپراشیا کی فروخت میں ریکارڈ اضافہ عوام کے یوٹیلیٹی اسٹورز کی اشیا کے معیاراورقیمتوں پراعتماد کا مظہر ہے، انہوں نے رمضان ریلیف پیکیج کو مزید احسن طریقے سے چلانے کیلئے ہدایات بھی جاری کیں اور جن علاقوں سے اشیا کی کمی کی شکایات موصول ہوئی تھیں وہاں فوری اسٹاک پہنچانے کے احکامات جاری کئے ،انہوں نے مزید ہدایات کیں کہ ویئر ہاسز سے یوٹیلیٹی اسٹورز تک سپلائی لائن مزید مستحکم اورتیزترکی جائے اوررمضان المبارک میں عوام کو ریلیف کی فراہمی کا عمل بطریق احسن نبھایا جائے۔