یوٹیلیٹی اسٹورز پر رمضان ریلیف پیکیج کا آغاز کل سے ہوگا

Utility, Stores

Utility, Stores

اسلام آباد (جیوڈیسک) ملک کے تمام یوٹیلیٹی اسٹورز پر رمضان ریلیف پیکیج کا آغاز کل سے ہوگا۔ حکومت کے اعلان کردہ رمضان پیکیج کا اطلاق کل سے ہورہا ہے۔

جس کے تحت یوٹیلیٹی اسٹورز پر 1500 سے زائداشیاء پر 5 سے 10 فیصدرعایت ملے گی۔ دودھ، آئل، گھی، دالوں اور بیسن سمیت 12 اشیاء کی قیمتوں میں 10 روپے فی کلو کمی ہو گی۔

رمضان پیکیج کے تحت یوٹیلیٹی اسٹور پر آٹا 6 روپے فی کلو سستا ملے گا، 20 کلو آٹے کا تھیلا اوپن مارکیٹ کی نسبت 120 روپے سستا ہو گا۔ دال چنا مارکیٹ کی نسبت 13 روپے ، سفید چنا 18 روپے ، چکی بیسن 20 روپے اور کھجور 40 روپے فی کلو سستی ملے گی۔

یوٹیلیٹی اسٹور پر اوپن مارکیٹ کی نسبت چائے کا 950 گرام پیک 88 روپے ، باسمتی چاول 40 روپے، سیلا چاول 38 روپے ، دال مونگ 18 روپے ، دال مسور 12 روپے ، دال ماش 15 روپے فی کلو جبکہ ٹیٹرا پیک دودھ 12 روپے فی لیٹر سستا ملے گا۔

حکام کے مطابق اس کے ساتھ 1500 سے زائد اشیاء پر 5 سے 10 فی صد خصوصی رعایت بھی دی جا رہی ہے اور ان اشیاء کی لسٹ بھی یوٹیلیٹی اسٹورز پر آویزاں کی جائے گی اور تمام اسٹورز پر اشیائے ضروریہ کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی۔