کراچی (جیوڈیسک) لیاری گینگ وار کے سرغنہ عذیر بلوچ کی پاکستان حوالگی میں اہم پیشرفت سامنے آئی ہے اور انہیں ابو ظہبی کی سنٹرل جیل سے دبئی پولیس ہیڈ کوارٹر منتقل کر دیا گیا ہے۔
دبئی میں موجود پولیس ذرائع کے مطابق عذیر بلوچ ابوظبی کی سینٹرل جیل میں قید تھا اور جمعرات کواسے دبئی پولیس کے ہیڈ کوارٹر میں منتقل کر دیا گیا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ جمعے کو دبئی میں چھٹی ہونے کی وجہ سے عزیر بلوچ کی پاکستانی حکام کو حوالگی میں ایک2 روز کی مزید تاخیر ہو سکتی ہے کیونکہ عذیر بلوچ کے پاسپورٹ کی معیاد2014 ختم ہو گئی تھی پاکستان منتقل کرنے کیلیے عذیرکے عارضی پاسپورٹ بنوانے کا کام آخری مراحل میں ہے۔
پولیس ذرائع کاکہنا ہے کہ پاکستان منتقلی کے دوران کراچی ایئرپورٹ سے عذیربلوچ کی منتقلی کے دوران کسی بھی غیرمعمولی صورتحال کا سامنا ہو سکتا ہے جس کی وجہ سے یہ بات بھی زیر غور ہے کہ عزیر بلوچ کو پہلے اسلام آباد منتقل کیا جائے اور پھر خفیہ طریقے سے اسے کراچی منتقل کر دیا جائے تاہم ابتک پولیس ذرائع حتمی طور پر کسی بھی پروگرام کے بارے میں کچھ بتانے سے قاصر ہیں۔