دبئی (جیوڈیسک) عزیر بلوچ کی حوالگی میں معاونت کے لیے پاکستان انٹرپول کی دو رکنی ٹیم دبئی پہنچ گئی ہے ۔ایس پی سی آئی ڈی عثمان باجوہ اور ڈی ایس پی زاہد حسین پر مشتمل 2 رکنی ٹیم کل رات دبئی پہنچی۔ ٹیم عزیر بلوچ کی حوالگی سے متعلق قانونی کارروائی میں معاونت کرے گی۔ اس موقع پر ایس ایس عثمان باجوہ نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ عزیر بلوچ کی حوالگی سے متعلق قانونی کارروائی جلد سے جلد مکمل کرنے کی کوشش کی جائے گی۔
اس سلسلے میں پیر کو انٹرپول دبئی اور پاکستان قونصل خانے کے حکام سے ملاقات کریں گے ۔ دبئی کے قوانین کو دیکھ کر بتاسکیں گے کہ عزیر بلوچ کی حوالگی میں کتنا وقت لگے گا؟ ان کا کہنا تھا کہ انٹرپول سے رابطے میں ہیں۔ تمام فائلیں ساتھ لے کر آئے ہیں جبکہ کچھ دستاویزات تیار کی جانی ہیں، اگر حوالگی میں زیادہ وقت نہیں لگا تو ٹیم دبئی میں ہی رہ کر قانونی کارروائی مکمل کرے گی۔