وی بوک خراب، پاکستان کی بیرونی تجارت معطل

Foreign Trade

Foreign Trade

کراچی (جیوڈیسک) باخبرذرائع نے بتایا کہ وی بوک کلیئرنس سسٹم میں درآمدات وبرآمدات سے متعلقہ دستاویزات لوڈ نہیں ہورہیں اور جب تک متعلقہ دستاویزات سسٹم میں لوڈ نہیں ہونگی اس وقت تک کنسائمنٹس کی کسٹمز ایگزامنیشن اور شپمنٹ رکی رہیں گی۔ ذرائع نے بتایا کہ وی بوک کلیئرنس سسٹم میں خرابی کے باعث ہفتہ کوکراچی اور پورٹ قاسم کی بندرگاہوں پر 1200 سے زائد درآمدی وبرآمدی کنٹینرز کی کسٹم کلیئرنس نہ ہو سکی جن میں تقریباً 500 برآمدی کنسائمنٹس شامل ہیں، ان میں چاول، ٹیکسٹائل، ریڈی میڈگارمنٹس ودیگرمصنوعات شامل ہیں۔

کراچی کسٹم ایجنٹس ایسوسی ایشن کے جنرل سیکریٹری ندیم کامل نے بتایا کہ وی بوک کلیئرنس سسٹم میں جمعہ کی شام سے ہی خرابی آنا شروع ہوگئی تھی جسے ہفتہ کی شب تک ٹھیک نہیں کیا جاسکا اور اس وجہ سے بیرونی تجارت معطل ہوگئی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ وی بوک میں خرابی کے سبب پورٹ قاسم بندرگاہ پر 600 جبکہ کراچی بندرگاہ پر 800 کنٹینرز کی کسٹمزایگزامنیشن نہیں ہو سکی یعنی برآمدی کنٹینرز متعلقہ بحری جہازوں پر لوڈ نہیں ہوسکے اور درآمدی کنٹینرز کی کسٹمزکلیئرنس بھی نہیں ہوسکی۔

ندیم کامل نے بتایا کہ دنیا بھر میں خودکار سسٹمز کا متبادل نظام ہوتا ہے لیکن پاکستان کسٹمز کے پاس وی بوک کا کوئی متبادل نہیں، یہی وجہ ہے کہ خودکارکلیئرنس سسٹم میں خرابی کا خمیازہ متعلقہ درآمدوبرآمدکنندگان کو بھگتنا پڑتا ہے، وی بوک میں خرابی کے سبب متعدد برآمدی شپمنٹس بروقت نہ ہونے کی وجہ سے آرڈرز منسوخ ہونے کے خطرات ہیں، اسی طرح سے درآمدکنندگان کو ڈیمریج وڈیٹنشن چارجز کی مد میں اضافی اخراجات برداشت کرنا پڑیں گے۔ اطلاعات کے مطابق رات گئے وی بوک سسٹم خرابی دورکرکے بحال کردیا گیا۔