لاہور : تنظیم مشائخ عظام پاکستان کے امیر اور چیئرمین لاثانی ویلفیئر فاؤنڈیشن انٹرنیشنل قائد روحانی انقلاب صوفی مسعود احمد صدیقی نے کہا ہے کہ ویلنٹائن ڈے منانا عذاب الہٰی کو دعوت دینے کے مترادف ہے ، بے راہ روی اور غیر اسلامی رسومات معاشرے میں بگاڑ کا سبب بن رہی ہیں ، پاکستان کو ریاست مدینہ بنانے والے اسلامی جمہوریہ پاکستان میں غیر اسلامی رسومات پر فی الفور پابندی عائد کریں ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے مرکزی سیکرٹریٹ پر ہفتہ وار محفل ذکر و نعت اور تربیتی نشست کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ امیر تنظیم مشائخ عظام پاکستان صوفی مسعوداحمد صدیقی نے کہاکہ ویلنٹائن ڈے نمائشی اور بے حیائی کے فروغ کا نام ہے۔
جبکہ اسلام شرم و حیاء اور پردے کا حکم دیتا ہے، تو پھر کیوں ہم اس غلیظ رسم ورواج کو فروغ دے رہے ہیں۔ بسنت پر پابندی کے باوجود معصوم شہریوں کی گردنیں کٹ رہی ہیں، کوئی پوچھنے والا نہیں ، انہوں نے کہا ہمیں خود کو اور اپنی آنیوالی نسلوں کو ویلنٹائن ، خونی تہوار بسنت ، اپریل فول ، نیو ایئر نائٹ سمیت دیگر غیر اسلامی رسومات سے بچانا ہو گا اور اللہ و رسول ؐ کے احکامات کی روشنی میں زندگی بسر کرنیکا عہد کرنا ہوگا ۔ احکامات خداوندی اور نبی کریم ؐ کی سیرت طیبہ کو اپنا کر ہی ہم دنیا و اخرت میں سرخرو ہوسکتے ہیں ۔ تربیتی نشست کے اختتام پروطن عزیز پاکستان کی سلامتی اور ترقی و خوشحالی کیلئے دعائیں بھی کی گئی۔