اسلام آباد (جیوڈیسک) آزاد کشمیر کے علاقے وادی نیلم میں ستھریاں کے مقام پر بھارتی فوج کی جانب سے سرحد پار سے پاک فوج کی گاڑی پر فائرنگ کی گئی جس سے گاڑی دریا میں جا گری۔ حادثے میں گاڑی میں سوار فوج کے 4 جوان شہید ہو گئے ہیں۔ ایک کی لاش دریا سے نکال لی گئی ہے جبکہ تین کی تلاش جاری ہے۔
دوسری جانب، بھارتی فوج کی فائرنگ کے بعد پاک فوج کی جانب سے بھرپور جوابی کارروائی بھی کی گئی جس سے دشمن کی بندوقیں خاموش ہو گئیں۔
وزیر اعظم نواز شریف نے بھارتی فوج کی بلااشتعال فائرنگ کی شدید مزمت کی ہے اور پاک فوج کے جوانوں کی شہادت پر اظہار افسوس کیا ہے۔ وزیر اعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف نے بھی واقعے کی شدید مزمت کی ہے اور شہداء کے ورثاء سے اظہار تعزیت کیا ہے۔