ویلیو ایڈڈ ٹیکسٹائل پروسیسنگ انڈسٹری کو کوٹہ سسٹم کے تحت سوئی گیس سپلائی کا تجربہ کامیاب رہا، محمد اکرام
Posted on December 8, 2013 By Majid Khan سٹی نیوز
فیصل آباد : محکمہ سوئی گیس فیصل آباد ریجن کی طرف سے ویلیو ایڈڈ ٹیکسٹائل پروسیسنگ انڈسٹری کو کوٹہ سسٹم کے تحت سوئی گیس سپلائی کا تجربہ کامیاب رہا لہٰذا اسے ہر ممکن جاری رکھا جائے گا۔ ہماری ہمیشہ سے کوشش رہی ہے کہ صنعتیں جو کہ ملکی تعمیر و ترقی میں اہم کردار ادا کر رہی ہیں اُنہیں ہرممکن حد تک ریلیف دیا جائے۔گیس سکیورٹی یا ایڈیشنل گارنٹی کے کیٹگری کے تعین میں عدالتی کیسز کو شامل نہیں کیا جائے گا ۔ گیس گارنٹی کا تعین گیس کے منظور شُدہ لوڈ کے مطابق ہوتا ہے۔
ان خیالات کا اظہار جنرل مینیجر سوئی گیس فیصل آبادریجن ،محمد اکرام نے اپٹپما ہائوس میں آل پاکستان ٹیکسٹائل پروسیسنگ ملز ایسوسی ایشن کے ارکان سے خطاب کے دوران کیا۔ اُنہوں نے کہا کہ بلنگ، او رکم پریشر جیسے مسائل پر پہلے بھی فوری ایکشن ہوتا تھا آئندہ بھی آپ ہمارے محکمہ کو مستعد پائیں گے۔ مستقبل میں سوئی گیس سے متعلقہ جو بھی مسائل اور مشکلات درپیش ہوئیں آپ لوگوں کی مشاورت کے ذریعہ انہیں بھی اسی طرح مل بیٹھ کر حل کر لیا جائے گا جبکہ پالیسی متعین کرنا حکومت کا کام ہے سوئی گیس کی محدود سپلائی کے باعث سسکتی انڈسٹری کے لئے کوٹہ سسٹم آکسیجن کا کام ہے ۔ریجنل چئیرمین خالد حبیب شیخ نے کہا کہ بجلی اور گیس کی طویل اور غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ کے سبب ٹیکسٹائل پروسیسنگ اداروں کی پروڈکشن میں بے پناہ کمی کے علاوہ برآمدکنندگان کو بھی سپلائی میں تاخیر کا سامنا کرنا پڑا، جس کی وجہ سے غیر ملکی خریداروں نے ہمارے ہمسایہ ممالک کا رُخ کر لیا، جس کا سب سے بڑا دھچکا ہماری معیشت کو پہنچا، زرِ مبادلہ کے ذخائر کم ہونے سے ہماری کرنسی کی ویلیو کم ہوئی اور مہنگائی کے سیلاب نے عوام کو آ دبوچا۔
اُنہوں نے کہا کہ چند ماہ قبل فیصل آباد ریجن کی حد تک محکمہ سوئی گیس کی جانب سے جس کوٹہ سسٹم کا نفاذ کیا گیا اور اسمیں ہماری ایسوسی ایشن پر جس طرح اعتماد کیا گیا الحمد اللہ ہمارے ممبر صنعتی اداروں نے اس کی روح کے مطابق عمل کر کے ذمہ داری کا ثبوت دیا۔ کوٹہ سسٹم کے تحت محکمہ سوئی گیس نے اپنی محدود سپلائی کو نئے تجربہ کے تحت اس طرح فراہم کیا کہ صنعتی پہیہ حرکت میں آ کر لاکھوں مزدوروں کے روزگار کو بچانے کا ذریعہ بن گیا۔خالد حبیب شیخ نے کہا کہ حکومت کی جانب سے آئندہ سال جنوری تا فروری سردی کے شدید موسم میں بھی پنجاب کی صنعتوں کو مسلسل گیس فراہمی کا جو اعلان کیا گیا ہے ہم اس کا خیر مقدم کرتے ہیں، یہ ایک بہترین فیصلہ اور صنعتکاروں کے دل کی آواز ہے۔ اُنہوں نے جنرل مینجر سوئی گیس سے پروسیسنگ اداروں کے لئے واجبات کی ادائیگی میں نرمی کی درخواست کرتے ہوئے کہا کہ گیس سکیورٹی کی تجدید اور ایڈیشنل بینک گارنٹی کے معاملات میں اپٹپما کی سفارشات کو ترجیح دی جائے۔اس موقعہ پر پاکستان ہوزری مینوفیکچررز ایسوسی ایشن کے چئیرمین خواجہ محمد امجد ، اور وائس چئیرمین PTEA نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے انڈسٹری کو گیس کی مسلسل فراہمی کی درخواست کی۔
by Majid Khan
Nasir Mehmood - Chief Editor at GeoURDU.com