لاہور (جیوڈیسک) معروف اداکارہ وینا ملک نے ایک بار پھر سے شوبز سرگرمیوں میں بھرپور انداز سے انٹری کی تیاریاں شروع کردیں، اس مرتبہ وہ اکیلی نہیں بلکہ اپنے شوہر اسد بشیر خٹک کے ہمراہ اپنی آواز کا جادو چلاتی دکھائی دیں گی۔
اس سلسلے میں انھوں نے حال ہی میں اپنا ایک نئی وڈیو تیار کی ہے جس کے ٹیزر کو سوشل میڈیا پر زبردست رسپانس ملا ہے۔ اس حوالے سے ’’روزنامہ ایکسپریس ‘‘ سے بات کرتے ہوئے وینا ملک نے کہا کہ شوبز میری پہچان ہے اوراس کی وجہ سے خوب شہرت حاصل کی۔ یہی وہ شعبہ ہے جس کی بدولت دنیا بھرمیں میرے پرستاروں کی تعداد میں حیرت انگیز اضافہ ہوا لیکن جہاں تک بات میری نئی اننگز کی ہے تواس میں بہت ہی منفرد انداز میں کام کرتی دکھائی دوں گی۔
وینا ملک نے کہا کہ اس مرتبہ میں نے اپنے شوہراسد کے ساتھ مل کر موسیقی کے کچھ نئے تجربات کیے ہیں ہم نے ایک وڈیو بھی تیار کی ہے اس کی لانچنگ تقریب جلد منعقد کی جائے گی لیکن اس سے پہلے ہم نے اپنے گیت کا ایک ٹیزر سوشل میڈیا پر اپ لوڈ کیا تھا جس کا رسپانس ہماری توقعات سے بڑھ کرسامنے آیا ہے۔
اداکارہ نے کہا کہ میں سمجھتی ہوں کہ جب بھی شائقین کو کوئی نئی چیز دیکھنے کا موقع فراہم کیا جاتا ہے تو وہ اسے پسند کرتے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ اس وقت پاکستان میں میوزک کا شعبہ شدید بحران سے دوچار ہے لیکن ہم نے کوشش کی ہے کہ شائقین موسیقی اورخاص طور پر نوجوان نسل کی پسند کو مدنظر رکھتے ہوئے ایسا کام پیش کریں جس سے وہ لطف اندوز ہوسکیں۔
ایک سوال کے جواب میں وینا ملک نے کہا کہ شوبز کی دنیا میں بہت سے نئے پروجیکٹس کرنے کا ارادہ ہے مگراب میرا زیادہ تر کام اسد کے ساتھ ہی ہوگا، جہاں تک بات فلموں میں کام کرنے کی ہے تو ہم ایک ایسے پروجیکٹ پر کام کرنے کی تیاریاں بھی کررہے ہیں، جس میں اسد اور میں مرکزی کردار نبھائیں گے جبکہ اس کی کہانی کے حوالے سے فی الوقت تفصیلات نہیں دے سکتی لیکن یہ ضرور بتاسکتی ہوں کہ یہ اپنے طرزکی ایک نئی اور منفرد کہانی ہوگی جس میں فلم بینوں کے لیے ایک اچھے مثبت پیغام کے ساتھ تفریح کے لیے بہت کچھ ہو گا۔