لاہور (جیوڈیسک) ہربنس پورہ کے علاقہ میں تیز رفتار کار نے 13 سالہ لڑکے کو کچل کر مار ڈالا۔ پولیس نے ڈرائیور کو گرفتار کر کے مقدمہ درج کر لیا۔بتایا گیا ہے کہ عارفوالا کا سرفراز احمدہربنس پورہ کی منظور کالونی میں ایک بک شاپ پر کام کرتا تھا۔ وہ گزشتہ دوپہر سڑک پار کرنے کے لئے فٹ پاتھ پر سائیکل لے کر کھڑا تھا کہ اچانک تیز رفتار کار ایک دوسرے بچے کو بچاتی ہوئی الٹ گئی اور سرفراز احمد اس کی زد میں آ کر جاں بحق ہو گیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ کار ڈرائیور علی خلیل کو جب حراست میں لیا گیا تو اس نے اپنے آپ کو مسلم لیگ ن کے ایم پی اے وحید گل کا بھتیجا ظاہر کیا اور کہا کہ یہ گاڑی بھی ان کی ہی ہے۔ دوسری طرف ایم پی اے نے قانون کے مطابق کارروائی کرنے کا کہا ہے۔