گاڑیوں کی فروخت پہلی سہ ماہی میں 3 فیصد کم

Vehicle

Vehicle

کراچی (جیوڈیسک) مقامی سطح پر تیار کردہ گاڑیوں کی فروخت پہلی سہ ماہی کے دوران 3 فیصد کمی سے 31 ہزار 899 یونٹس رہی۔ ٹاپ لائن سیکیورٹیز کی رپورٹ کے مطابق گزشتہ مالی سال کی پہلی سہ ماہی میں گاڑیوں کی فروخت 32 ہزار 841 یونٹس رہی تھی۔

ستمبر 2014 کی فروخت 12 ہزار 693 یونٹس رہی جو اگست کے مقابلے میں 4 فیصد جبکہ ستمبر 2013 کے مقابلے میں 14 فیصد زائد رہی، اگست 2014 میں 12 ہزار 258 جبکہ ستمبر 2013 میں 11 ہزار 166 گاڑیاں فروخت کی گئی تھیں۔

پہلی سہ ماہی کی فروخت میں کمی کی وجہ نئے بجٹ میں ٹیکسوں میں اضافے سے قبل جون میں کی جانے والی خریداری اور رمضان کے دوران کاروباری سرگرمیوں میں کمی کو قرار دیا جا رہا ہے، جولائی میں ایڈوانس موٹروہیکل ٹیکس کی شرح میں اضافے اور رجسٹریشن پر ایڈوانس انکم ٹیکس کے نفاذ کے سبب بجٹ سے قبل ہی خریداری کا رجحان رہا تھا۔

ستمبر 2013 کے مقابلے میں ستمبر 2014 کے دوران پاک سوزوکی کی فروخت 1 فیصد کمی سے 6204 یونٹس رہی، اگست کے مقابلے میں ستمبر کی فروخت 5 فیصد کم رہی، گزشتہ مالی سال کی پہلی سہ ماہی کے مقابلے میں رواں مالی سال کی پہلی سہ ماہی میں گاڑیوں کی فروخت 5 فیصد کمی سے 17 ہزار 31 یونٹس رہی۔

ستمبر 2013 کے مقابلے میں ستمبر 2014 کے دوران انڈس موٹر کمپنی کی فروخت 80 فیصد اضافے سے 4 ہزار 691 یونٹس رہی، اگست کے مقابلے میں ستمبر 2014 کی فروخت 15 فیصد زائد رہی، گزشتہ مالی سال کی پہلی سہ ماہی کے مقابلے میں رواں مالی سال کی پہلی سہ ماہی میں انڈس موٹر کی فروخت 17 فیصد زائد رہی۔