کراچی (جیوڈیسک) کراچی میں قیوم آباد اور کورنگی ندی میں لوٹ مار کی وارداتیں تسلسل سے جاری ہیں، 8 سے زائد مسلح ملزمان سڑک پر ناکہ لگا کر درجنوں افراد کو لوٹ لیتے ہیں۔
رات گئے گاڑی نہ روکنے پر ڈاکووٴں کی فائرنگ کے باعث پکنک مناکر آنے والی 2 خواتین جاں بحق ہوگئیں، رات گئے بھی ملزمان نے درجنوں افراد کو لوٹ مار کا نشانہ بنایا، اسی دوران پکنک مناکر گھر واپس آنے والے افراد کو بھی ڈاکووٴں نے لوٹنے کیلیے روکنے کی کوشش کی۔
ڈرائیور کی جانب سے گاڑی نہ روکنے پر ملزمان نے فائرنگ کردی، گولیاں لگنے سے ایک خاتون جاں بحق ہوگئیں جبکہ ایک نوجوان لڑکی خوف کے مارے ہی جان سے گذر گئی۔ ڈاکوں کی واردات کے بعد علاقہ مکین اور متاثرہ خاندان کے افراد نے قریبی پولیس چوکی پہنچ کر شدید احتجاج کیا۔
جہاں نائٹ ڈیوٹی پر مامور پولیس اہلکارسیکورٹی ذمہ داریاں نبھانے کے بجائے سورہے تھے اور علاقے میں ڈاکو راج کررہے تھے۔ میڈیا پر خبرنشر ہونے اور علاقہ مکینوں کے احتجاج کے بعد پولیس نے کورنگی کراسنگ سے مہران ٹاوٴن اور پھر شاہ فیصل کالونی بند تک ندی میں ڈاکووٴں کی تلاش کی، لیکن شدید اندھیرا ہونے اور پولیس اہلکاروں کے پاس روشنی کا مناست بندوبست نہ ہونے کے باعث کوئی ملزم بھی پکڑا نہیں جاسکا۔