گما ڈھنڈ (جیوڈیسک) دیربالا کے علاقے گما ڈھنڈ میں گاڑی کے قریب دھماکے کے نتیجے میں 5 افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہو گئے۔
ڈی پی او میاں نصیب جان کے مطابق گما ڈھنڈ میں گاڑی کے قریب دھماکا ریمورٹ کنٹرول کے ذریعے کیا گیا۔
دھماکے کے نتیجے میں 5 افراد جاں بحق اور3 پولیس اہلکاروں سمیت 17 افراد زخمی ہوئے۔ دھماکے میں جاں بحق اور زخمیوں کو اسپتال منتقل کردیا گیا ہے جبکہ سیکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا ہے۔
وزیر اطلاعات خیبرپختونخوا شوکت یوسفزئی کے مطابق اپر دیر واقعہ پرانی دشمنی کا نتیجہ ہے۔
انہوں نے واقعے میں 5 افراد کی ہلاکت کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ حاجی معتبر خان کی جائیداد پر پرانی دشمنی چلی آرہی ہے اور دونوں فریقین نے ایک دوسرے پر کئی حملے کئے ہیں۔
وزیراطلاعات کے مطابق حاجی معتبر خان پر پہلے بھی 2 خودکش حملے ہو چکے ہیں، انہیں پولیس اہلکار سیکورٹی کیلئے دیے گئے تھے جو دھماکے میں زخمی ہوئے۔