اینزوٹیگوئی (جیوڈیسک) وینزویلا کی مشرقی ریاست اینزوٹیگوئی میں واقع ایک جیل میں گولیاں چلنے سے کم ازکم 12 افراد ہلاک اور 11 زخمی ہوگئے۔
بحرانوں سے گھرےاور پر تشدد اور پرہجوم جیلوں کے اس ملک میں ہونے والے اس تازہ ترین واقعہ کی خبر جیلوں کی وزارت کے ترجمان نے بدھ کے روز دی۔
وینزویلا کے پبلک پراسیکیوٹرز کے دفتر نے کہا ہے کہ وہ منگل کے روز قیدیوں کے درمیان گولیوں کے تبادلے میں کئی ا فراد کی ہلاکتوں کی تحقیقات کررہا ہے۔
یہ واقعہ ہوزے اینٹونیو اینزوٹیگوئی جیل میں پیش آیا۔
ناقدین کا کہنا ہے کہ وینزویلا کی جیلوں کو گینگ کنٹرول کرتے ہیں جنہیں مشین گنوں اور ہینڈ گرینڈوں تک رسائی حاصل ہوتی ہے۔
وزارت جیل کے ترجمان نے اپنی شناخت ظاہر نہ کرنے کی شرط پر خبررساں ادارے روئیٹرز کو بتایا کہ اس واقعہ میں 12 لوگ مارے گئے ، 9 کو گولیاں لگیں، 2 قیدی منشیات کے زیادہ استعمال سے ہلاک ہوئے اور ایک کی ہلاکت متعدد زخموں سے ہوئی۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ اسے جیل کے اندر ہونے والے بلووں کے متعلق بات کرنے کی اجازت نہیں ہے۔
اس کا کہنا تھاکہ اس جیل میں تبدیلیاں لائی جا رہی ہیں۔ یہ جھڑپیں قیدیوں کے دو گروہوں کے درمیان ہوئیں جن میں سے ایک تبدیلیوں کا حامی اور دوسرا اس کے خلاف تھا۔
جیل کے عہدے دار نے بتایا کہ حکومت جیل میں گنجائش کے مطابق قیدی رکھنے اور اسے ہتھیاروں سے پاک کرنے کے اقدامات کر رہی ہے۔
فوری طور پر یہ واضح نہیں ہے کہ ہلاک ہونے والوں میں کتنے قیدی او ر کتنے دوسرے لوگ تھے۔
وینزویلا کا شمار دنیا کے پرتشدد ترین ملکوں میں ہوتا ہے اور وہاں کے قیدی اکثر اوقات جیلوں کے اندر سے اغوا اور ڈاکے کی وارداتیں کرتے ہیں۔