لاہور (جیوڈیسک) معروف ماڈل، اداکارہ اور کمپیئر صبا قمر نے کہا ہے کہ پاکستان کا ٹی وی ڈرامہ دنیا بھر میں مقبول ہے۔ اس کی بنیادی وجہ یہ ہے کہ اس کا سکرپٹ مضبوط ہوتا ہے۔
میں ورسٹائل اداکارہ ہوں، میرا ہر کردار ہٹ ہوا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے نمائندہ نوائے وقت کے ساتھ گفتگو کے دوران کیا۔ انہوں نے کہا کہ آج کل میرا ڈرامہ ”ڈائجسٹ رائٹر“ بہت پسند کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مجھے جو کردار بھی ملتا ہے، میں اس پر محنت کرتی ہوں۔ یہی وجہ ہے کہ میرے تقریباً تمام ڈرامے مقبول ہو رہے ہیں۔
میرے مقبول ڈراموں میں داستان، بنٹی آئی لو یو، پانی جیسا پیار، جو چلے تو جان سے گزر گیا، مات، اڑان، الو برائے فروخت نہیں مس فائر، نہ کترو پنکھ میرے، اضطراب شامل ہیں۔
ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ میں فلموں میں بھی کام کر رہی ہوں اور اس وقت میری تین فلمیں زیرتکمیل ہیں جن میں آئینہ، کمبخت اور میں منٹو ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کمپیئرنگ کا تجربہ بھی اچھا رہا ہے۔