طاغوتی ٹولہ مشرف کا کچھ نہیں بگاڑ سکے گا ‘ آل پاکستان مسلم لیگ
Posted on December 21, 2013 By Geo Urdu سٹی نیوز
کراچی (اسٹاف رپورٹر) حکمران ٹولہ مخصوص طبقے کے مفادات کیلئے ان کی ہدایات پر پرویز مشرف کو آرٹیکل 6 کے تحت مقدمہ چلا کر پھانسی پر لٹکا دینے کی سازش کر رہا ہے تا کہ پاکستان پر قبضے اور عوام کو یرغمال بنانے کی استحصالی و طاغوتی ٹولے کی سازشیں کامیاب ہو سکیں کیونکہ پاکستان پر دہشتگردوں کے قبضے کی راہ میں پرویز مشرف سب سے بڑی رکاوٹ ہیں اسلئے طاغوتی ٹولے کے آلہ کار حکمران مشرف کو ان کی راہ سے ہٹانے کیلئے آئین و قانون کے نام پر مشرف کے خلاف انتقامی کاروائی کررہے ہیں۔
آل پاکستان مسلم لیگ سندھ کے جنرل سیکریٹری مسلم بھٹو ‘فائنانس سیکریٹری شاہد قریشی ‘ سید وصی الدین اور انفارمیشن سیکریٹری طاہر حسین سید نے کہا کہ پرویز مشرف پاکستان اور اس کے عوام سے مخلص ہیں اور ان کا کوئی بھی اقدام کبھی بھی پاکستان کی سلامتی اور عوامی مفادات منافی نہیں رہا اسلئے حکمران اور ان کے طاغوتی سرپرست کچھ بھی کرلیں مشرف کا کچھ نہیں بگاڑ سکیں گے۔
جبکہ نئے چیف جسٹس کی تقرری کے ساتھ ہی عدلیہ جانبداری اورمخصوص ٹولے کے مفادات کی نگہبانی سے آزاد ہو چکی ہے اسلئے یہ آزاد و غیرجانبدار عدلیہ پاکستان و عوام کے مفاد کے منافی کسی سازش کو کامیاب نہیں ہونے دے گی اور آئین و قوانین کے تشریح کے وقت ملکی مفاد ات کو ملحوظ رکھتے ہوئے انصاف کا بول بالا کرے گی اور پرویز مشرف کو باعزت بری کرکے سازشی اور طاغوتی ٹولے کی سازشوں کا ناکام بنادے گی۔