کراچی (اسٹاف رپورٹر) قائد جموں کشمیر پیپلز پارٹی سردار خالد ابراہیم خان اور سندھ بلوچستان زون کے صدر سردار مظفر حسین نے کہا ہے کہ حق خوداریت مظلوم و غیور کشمیریوں کا اصولی و جائز حق ہے، جسے ہندوستان کبھی غصب نہیں کرسکتا، مسئلہ کشمیر پر 3 جنگیں لڑی جاچکی ہیں، اقوامِ متحدہ قرار داد کی منظوری کے باوجود لاکھوں کشمیریوں کی امنگیں پورا کرنے میں ناکام ہے۔
سردار ابراہیم کے فکر پر عمل پیرا ہوکر ہی کشمیر کا مسئلہ حل کیا جاسکتا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جموں کشمیر پیپلز پارٹی سندھ بلوچستان کے صدر سردار مظفر حسین کی جانب سے کراچی کے علاقے فلک ناز ٹاور ایئر پورٹ پر منعقدہ جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کیا، جس میں سردار عزیز ایڈووکیٹ، سردار طاہر اقبال، سردار نعیم خان، حافظ شعبانی، حافظ عثمان، محمد حسین، رفیق حسین، سردار شعیب ایڈووکیٹ، چوہدری گجر، اکرم،امجد، صفیر کشمیری و دیگر نے بھی خطاب کیا۔
سردار خالد ابراہیم خان نے مزید کہا کہ اگر UNO میں مسئلہ کشمیر پر ایک بار پھر رائے شماری کرائی جائے تو انشاء اللہ فیصلہ پاکستان کے حق میں آئے گا۔ آزاد کشمیر کے الیکشن کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ ہم اگر وہاں حکومت بنا نہیں سکتے تو ہمارے بغیر کوئی اپنی حکومت بنا بھی نہیں سکتا۔ سندھ بلوچستان زون کے صدر سردار مظفر حسین نے خطاب میں کہا کہ سردار ابراہیم کشمیریوں کے محسن ہیں اور آزادی کی تحریک ان کے ذکر کے بغیر نا مکمل ہے۔