متاثرین سیلاب کو مرغی اور بکرے کا گوشت کھلائیں، وزیر اعلیٰ پنجاب

Shahbaz

Shahbaz

لاہور (جیوڈیسک) متاثرین سیلاب کے لیے خوشخبری ہے، وزیر اعلیٰ پنجاب نے انتظامیہ کو ہدایت کی ہے کہ متاثرین کو کھانے میں بکرے اور مرغی کا گوشت دیا جائے۔ وزیر اعلیٰ پنجاب متاثرین سیلاب کی دل جوئی کے لیے طوفانی دورے کر رہے ہیں، انتظامیہ کو وقتا فوقتا ہدایات بھی دے رہے ہیں۔

منگل کے روز وزیر اعلیٰ نے متاثرین کو اچھے سے اچھا کھانے فراہم کرنے کی ہدایت کی اور کہا کہ کھانے کے مینو میں بکرے کی چانپ اور مرغ کڑھائی بھی شامل کی جائے۔ انتظامیہ بھی متاثرین کے ساتھ بیٹھ کر کھانا کھائے۔ وزیراعلیٰ کی ہدایت پر کب اور کس حد تک عمل ہو گا۔

یہ تو بعد کی بات ہے، مگر ابھی تو متاثرین دال چاول پر ہی گزارا کر رہے ہیں، کچھ تو ریلیف کیمپ ایسے بھی ہیں جہاں لوگ کھانے کے انتظار میں بھوکے ہی سوجاتے ہیں۔ فلڈ مانیٹرنگ سیل کے نمائندے بھی انتظامی کوتاہی کی تصدیق کرتے ہیں۔

ابھی ایک کیمپ دیکھا ہے وہاں کھانا نہیں پہنچا، دوپہر کو بھی کھانا نہیں گیا تھا، وزیر اعلیٰ کو رپورٹ کریں گے۔ کھلے آسمان تلے پڑے ہزاروں متاثرین کا کہنا ہے کہ انہیں مرغ مسلم نہ سہی، کم از کم دو وقت کی روکھی سوکھی روٹی ہی وقت پر مل جائے تو وہ یہ مشکل گھڑی کسی نہ کسی طرح گزار لیں گے۔