جھنگ (خصوصی رپورٹ) متاثرین سیلاب کے لئے امدادی سرگرمیوں میں فیصل آباد کے مخیر حضرات اور ضلعی انتظامیہ کی طرف سے بڑھ چڑھ کر حصہ لیا جارہا ہے اس سلسلے میں بڑی مقدار میں مختلف اشیاء کے بنڈلز اور گھریلو استعمال کا سامان متاثرین میں تقسیم کرنے کے علاوہ انسانوں و مویشیوں کے علاج معالجہ کے لئے محکمہ صحت و لائیو سٹاک فیصل آباد کی ٹیمیں بھی سرگرم عمل ہیں۔ یہ بات ڈی سی فیصل آباد نور الامین مینگل نے بھکر رو ڈ پر علی آباد کے قریب ضلعی انتظامیہ فیصل آباد کی طرف سے قائم کئے گئے فلڈ کنٹرول اینڈ ریلیف سنٹر کے دورہ کے دوران متاثرین سیلاب میں غذائی اشیاء کے بنڈلز ‘ چٹائیاں اور گھریلواستعمال کا دیگر سامان تقسیم کرتے ہوئے کہی ۔اسسٹنٹ کمشنر ( صدر ) فیصل آباد ملک مشتاق ٹوانہ اور دیگر افسران بھی اس موقع پر موجود تھے۔
ڈی سی او فیصل آباد نے بتایا کہ مخیر حضرات کے تعاون سے سیلاب زدگان کی امداد کے لئے جھنگ اور چنیوٹ میں غذائی اشیائے کے پیکٹس بنا کر متاثرہ علاقوں میں بھجوائے جارہے ہیں جن میں چاول ‘ گھی ‘ دالیں ‘ آٹا کھجوریں ‘ بھنے ہوئے چنے ‘ چائے کی پتی کے پیکٹس ‘ بسکٹ اور کھانے پینے کی دیگر اشیاء شامل ہیں ۔ انہوں نے بتایا کہ فیصل آباد سے سول ڈیفنس ‘ ریسکیو 1122 ‘ پی ایچ اے ‘ ٹی ایم ایز ‘ محکمہ صحت ‘ لائیو سٹاک ‘ ویسٹ مینجمنٹ کمپنی اور دیگر محکموں کا سٹاف بھی متاثرین کی خدمت کے لئے جھنگ میں موجود ہے جبکہ مختلف نوعیت کی بھاری مشینری بھی متاثر علاقوں میں منتقل کردی گئی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ اٹھارہ ہزاری اور علی آباد سمیت دیگر متاثرہ و علاقوں میں مدنی دستر خوان لگا کر متاثرین کو تین وقت کا کھانا فراہم کیا جارہا ہے۔ اس موقع پر بتایا گیا کہ محکمہ صحت فیصل آباد کے 17 مرد اور لیڈی ڈاکٹرز ‘ پیرا میڈیکل سٹاف کے آٹھ افراد کے ہمراہ متاثرین کو طبی امداد فراہم کر رہے ہیں جبکہ پانچ ایمبولینس گاڑیاں اور تین موبائل ہسپتال بھی میڈیکل سروسز کی فراہمی میں مصروف ہیں ۔ ریلیف سنٹر میں چائلڈ ویلفیئر بیورو کے سٹاف کا سٹال بھی موجود ہے جو لاوارث بچوں کی نگہداشت کے لئے کام کررہا ہے۔