حکومت دھرنوں کے حل کیلئے مخلص نہیں :پیپلزپارٹی

Mian Manzoor Ahmad Wattoo

Mian Manzoor Ahmad Wattoo

لاہور (جیوڈیسک) پیپلز پارٹی پنجاب کے صدر میاں منظور احمد وٹو نے ’’امن کے عالمی دن ‘‘کے موقع پر کہا کہ امن ہی دنیا میں سلامتی اور خوشحالی کی ضمانت ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ سب جانتے ہیں کہ مشرق وسطیٰ اور جنوبی ایشیا میں امن اور استحکام اسرائیل اور بھارت کی ہٹ دھرمی کی وجہ سے یرغمال بنا ہوا ہے۔ منظور وٹو نے دہشتگردوں اور انتہا پسندوں سے بھی مطالبہ کیا کہ وہ ہتھیارپھینک کر ملکی سیاست کے دھارے میں شامل ہو جائیں۔ دریں اثناء پنجاب اسمبلی میں پیپلز پارٹی کے پارلیمانی لیڈر قاضی احمد سعید نے کہا ہے کہ بلاول بھٹو زرداری نوجوانوں کے حقیقی نمائندہ ہیں جو مزدوروں کسانوں اور طالبعلموں کی آواز کو اٹھائیں گے۔

ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ حکمران دھرنوں کے حل کیلئے مخلص نہیں ،پیپلز پارٹی انسانی حقوق ونگ لاہور کے صدر نصیر احمدنے کہا کہ وزیر اعظم اور وزیر اعلیٰ پنجاب صرف میڈیا پر سیلاب متاثرین کی مدد کر رہے ہیں ،پنجاب کے ڈپٹی سیکرٹری اطلاعات عابد حسین صدیقی نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی انتخابی عمل پر تحفظات کے باوجود جمہوریت کی بقا کے لئے حکومت کا ساتھ دے رہی ہے ۔ پنجاب کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل میاں محمد ایوب نے کہا کہ ہرشہری کو سیلاب متاثرین کی مدد اور امدادی کارروائیوں میں حصہ لینا ہو گا،لاہور کی صدر ثمینہ خالد گھرکی نے کہا کہ موجودہ حالات اس بات کا تقاضا کررہے ہیں کہ سیاست کرنے کے بجائے دکھی انسانیت کی خدمت کی جائے۔