گجرات: ڈی سی او لیاقت علی چٹھہ نے کہا ہے کہ سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں کسی وجہ سے حکومتی امدادی پروگرام سے محروم رہ جانیوالے متاثرین کی نشاندہی اور انہیں امداد نہ ملنے کی شکایات کی تصدیق کے لئے سروے کرایا جائے گا۔
اس مقصد کے لئے ٹیمیں74ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں جو تین دن میں اپنی رپورٹ پیش کریں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ضلع کونسل میں سرو ے ٹیموں کے ممبران سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اے ڈی سی فاروق رشید سندھو، ڈی او سی شجاع قطب بھٹی ، اے سی سیٹلمنٹ وقار حسین خان اور دیگر افسران بھی اس موقع پر موجود تھے۔ ڈی سی اولیاقت علی چٹھہ نے کہا کہ حالیہ سیلاب سے ضلع بھر کے 93دیہات متاثرہ ہوئے جن سے تعلق رکھنے ہزاروں افراد کو املاک، فصلات اور مویشیوں کو نقصانات اور بیوگان کی امداد کے لئے کروڑوں روپے ادا کئے جاچکے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ ادائیگوں کے عمل کے پہلے اور دوسرے فیز کے دوران متعدد افراد نے امدا د نہ ملنے کے حوالے سے انتظامیہ کو تحریری شکایات دی ہیں ان افرا د کی شکایات کی تصدیق کے لئے دوبارہ سروے کرانے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔ انہوں نے بتایا سروے کے لئے تشکیل دی گئی ٹیموں کے ممبران میں اساتذہ کرام، سیکرٹری یونین کونسل، نمبر دار، پٹواری اور وزیر اعلی پنجاب مانیٹرنگ ٹیم کے اہلکار شامل کئے گئے ہیں جبکہ ان ٹیموں کے انچارج حلقہ ریونیو افسران ہوں گے۔ ڈی سی او نے کہا کہ سروے کا آغاز آج سے ہو گا جو 22نومبر تک مکمل کر لیا جائے گا اور کمیٹیوں کے ممبران اپنی رپورٹ پیش کریں گے جس کی تھرڈ پارٹی وییلڈیشن بھی کرائی جائے گی۔
ڈی سی او نے بتایا کہ جن افراد نے امدا د نہ ملنے کے حوالے سے شکایات کی ہیں ان کے علاوہ ایسے افراد جو گھروں میں موجود نہ ہونے یا کسی اور وجہ سے اپنے نقصانات کا انداراج نہیں کر اسکے تھے سروے ٹیمیں انکے نام بھی متاثرین کی فہرست میں شامل کریں گی جبکہ نقصانات کی تصویری شہادت بھی لی جائے گی ۔ ڈی سی او نے ٹیموں کے ممبران سے کہا کہ وہ پوری ایمانداری سے اپنا کام مکمل کریں تاکہ کوئی بھی سیلاب سے متاثرہ فرد حکومتی امداد سے محروم نہ رہ جائے اور کوئی غیر مستحق شخص یہ رقم حاصل نہ کر پائے۔