لاہور (جیوڈیسک) قومی کرکٹ ٹیم نے آپریشن ضرب عضب کے باعث شمالی وزیرستان سے نقل مکانی کر کے آنے والے آئی ڈی پیز سے اظہار ہمدردی کے لئے آرمی ریلیف کیمپ کا دورہ کیا اور آئی ڈی پیز کے لئے 4 لاکھ روپے امداد کا اعلان کیا۔
لاہور کے فوٹریس گراؤنڈ میں پاک فوج کی جانب سے لگائے گئے ریلیف کیمپ میں قومی کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ وقار یونس، مینیجر معین خان اور کپتان مصباح الحق سمیت قومی ٹیم کے دیگر کھلاڑیوں کا دورہ کیا اور اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ مشکل کی اس گھڑی میں اپنے بھائیوں کے دکھ درد میں برابر کے شریک ہیں۔
مصباح الحق کا کہنا تھا کہ پوری قوم دلی اور اخلاقی طور پر فوج کی حمایت کرتی ہے، ہماری دعا ہے کہ ملک سے دہشت گردی کا خاتمہ ہو اور ملک میں امن قائم ہو۔ ان کا کہنا تھا کہ فلسطین میں اسرائیل فوج کی جانب سے مسلمانوں کا قتل عام کر کے انھیں ختم کرنے کی کوشش کی جارہی ہے اس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے، پوری مسلم امہ کو ایک ہو کر اس مسئلے کے حل کو کوشش کرنی چاہیئے۔
وقار یونس کا کہنا تھا کہ اللہ کرے کہ شمالی وزیرستان اور فلسطین کا معاملہ جلد از جلد حل ہو۔ معین خان کا اس موقع پر کہنا تھا کہ آئی ڈی پیز کے دکھ درد میں برابر کے شریک ہیں، پاکستان کرکٹ ٹیم کی طرف سے آئی ڈی پیز کے متاثرین کے لئے 4 لاکھ روپے کا امدادی چیک بھی دیا گیا۔
واضح رہے کہ آئی ڈی پیز کے لئے پاکستان کرکٹ ٹیم اور پاکستان اے ٹیموں کے درمیان 26 جولائی کو ایک امدادی میچ کھیلا جائے گا جس میں قومی کرکٹ ٹیم کے تمام کھلاڑی شریک ہوں گے۔